یوتھ فیسٹیول کی طرح انٹرنیشنل فیسٹیول پنجاب حکومت کا نیا ڈرامہ ہے، عوامی تحریک پنجاب
موجودہ دور حکومت میں کرکٹ چھٹے سے آٹھویں نمبر پر اور ہاکی
معدوم ہو گئی، صوبائی صدر بشارت جسپال
گزشتہ سال یوتھ فیسٹیول پر خرچ ہونے والے ڈیڑھ ارب روپے کا آڈٹ کروایا جائے
لاہور
(26 اپریل 2015) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ پچھلے
سال یوتھ فیسٹیول کے نام پر پنجاب حکومت نے صوبہ کے عوام کو بے وقوف بنایا اور ڈیڑھ
ارب فرضی مقابلوں کی آڑ میں ہڑپ کر لئے، اب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول کے نام پر لوٹ
مار کا نیا منصوبہ تشکیل دے دیا گیا ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ گذشتہ سال ہونے والے
یوتھ فیسٹیول مقابلوں پر خرچ ہونے والے ڈیڑھ ارب روپے کا آڈٹ کروایا جائے۔ گزشتہ
روز پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر شعیب طاہر، ایم ایس ایم کے مرکزی
صدر عرفان یوسف کی قیادت میں ملاقات کیلئے آئے ہوئے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے
صوبائی صدر نے کہا کہ جب سے ن لیگ کی موجودہ حکومت بر سر اقتدار آئی ہے کرکٹ ٹیم
چھٹے سے آٹھویں نمبر پر آ گئی، ورلڈ کپ کے بعد قومی کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کے
ہاتھوں شرمناک شکست کھائی، قومی کھیل ہاکی ماضی کا حصہ اور قصہ بن گیا اور ہاکی
فیڈریشن کی مالی مدد کیلئے بھارت نے پیشکش کر کے موجودہ حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ
مارا اس طرح سکواش، فٹبال اور بیڈ منٹن کے کھیل بھی معدوم ہو چکے ہیں کیونکہ حکمران
کھیل کی ترقی چاہتے ہی نہیں۔ یوتھ فیسٹیول کے ڈراموں میں اربوں روپے ہڑپ کرنے والے
اگر آدھے پیسے سپورٹس کی ترقی پر خرچ کردیں تو پاکستان سپورٹس میں اپنا کھویا ہوا
مقام دوبارہ حاصل کرنے کے قابل ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ فیسٹیول اور انٹرنیشنل
فیسٹیول کے ڈراموں کے پیچھے صاحبزادہ اعلیٰ ہے۔ لوٹ مار کا یہ جدید طریقہ انکے ذہن
کی پیداوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 80فی صد سرکاری سکول کھیل کے میدانوں سے
محروم ہیں، حکمران عوام کے خون پسینے کا پیسہ کھیل کے میدان تعمیر کرنے پر خرچ کریں
تو سپورٹس کی دنیا میں پاکستانی نوجوان انقلاب برپا کر دیں۔


تبصرہ