ماڈل ٹاؤن میں بے گناہ انسانوں کے قتل میں ملوث حکمرانوں کے نمائندوں کو ووٹ نہ دیں۔ عمر ریاض عباسی
راولپنڈی کے عوام خوددار اور جمہوریت پسند ہیں وہ ن لیگ کے 7
سالہ دور حکومت کے مظالم کو اتنی آسانی سے بھولنے والے نہیں
عوامی تحریک ملکی اداروں کو حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کے ادارے بنائیں گے

اسلام آباد (24 اپریل 2015ء) عوام کے منہ سے روٹی کے نوالے چھیننے والوں کو بلدیاتی الیکشن میں لوگوں کے گھروں میں جاکر ووٹ مانگنے پر شرم آنی چاہیے، راولپنڈی کے عوام خوددار، جمہوریت پسند اور عزت دار لوگ ہیں وہ ن لیگ کے 7سالہ دور حکومت کے مظالم کو اتنی آسانی سے بھولنے والے نہیں، ماڈل ٹاؤن میں بے گناہ انسانوں کے قتل میں ملوث حکمرانوں کے نمائندوں کو ووٹ نہ دیں، ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں عمر ریاض عباسی، غلام علی خان، ملک طاہرجاوید، بابر مصطفوی، چوہدری علی حسن، ملک طاہر جاوید، ثاقب بھٹی، ملک منظور نے وارڈ نمبر 06 راولپنڈی کینٹ سے عوامی تحریک کے حمایت یافتہ امیدوار محمد امین کی ریلی کے بعد غازی آباد ڈھوک سیداں میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ریلی بکرا منڈی چوک سے ڈھوک سیداں روڈ اور پھر غازی آباد پہنچی جہاں پر عوام علاقہ نے ریلی کے شرکاء کاشانداراستقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ ریلی میں سینکڑوں موٹر سائیکل سوار شامل تھے جنہوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری زندہ باد، انقلاب زندہ باد کے نعرے لگائے، جگہ جگہ ریلی کا پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے استقبال کیا گیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے محمد امین، عمر ریاض عباسی، غلام علی خان نے کہا کہ عوامی تحریک عوام کے ان اداروں کو حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کے ادارے بنائیں گے، 7 سالہ لوٹ مار کا حساب لیں گے اور بلدیاتی اداروں کو کرپشن سے پاک کرینگے۔


تبصرہ