دہشتگردی کے خلاف موثر فوجی آپریشن سے بیرونی سرمایہ کاروں کو اعتماد ملا:خرم نواز گنڈاپور
حکمران سوئس بینکوں کے 200 ارب ڈالر اور اپنا سرمایہ وطن واپس
لائیں، سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
شریف برادران خوشخبریاں سنانے میں ماہر اور پھر اعلان کر دہ منصوبوں کے نام بھی
بھول جاتے ہیں
نااہل حکومت اور کرپٹ مشینری رکاوٹ نہ بنی تو چینی سرمایہ کاری کا ضروری فائدہ ہو
گا:گفتگو
لاہور
(23اپریل 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ
دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کے موثر آپریشن کے باعث عالمی سرمایہ کار پاکستان میں
دلچسپی لینا شروع ہو گئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ
میں مختلف وفود سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاء اینڈ آرڈر بہتر بنانے
کے حوالے سے پاک فوج کی کوششوں سے عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد تو بحال ہو گیا
لیکن حکمرانوں کا اعتماد ابھی بھی بحال نہیں ہورہاابھی بھی ان کا سرمایہ باہر اور
منی لانڈرنگ کا ’’کاروبار‘‘ عروج پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سوئس بنکوں میں
پڑے پاکستانیوں کے 200 ارب ڈالر اور اپنے صاحبزادے کے لندن میں رئیل اسٹیٹ کے
کاروبار میں انویسٹ ایک ہزار ملین پاؤنڈ کے سرمایہ کو پاکستان لے آئیں تو پاکستان
کی معیشت چین کے 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے قبل پاؤں پر کھڑی ہو جائے گی۔ انہوں
نے چین کی سرمایہ کاری کے حوالے سے شریف برادران کی ’’خوشیوں‘‘پر تبصرہ کرتے ہوئے
کہا کہ شریف برادران قوم کو خوشخبریاں سنانے میں بڑی مہارت رکھتے ہیں لیکن کچھ عرصہ
کے بعد اپنے اعلان کردہ منصوبوں کے نام بھی بھول جاتے ہیں۔ نندی پاور پاور پراجیکٹ
کا افتتاح کرتے وقت انہوں نے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم کر دینے کی خوشخبری سنائی مگر
اندھیرے پہلے سے زیادہ بڑھ گئے پھر ساہیوال کول پاور پراجیکٹس کا ڈھول کی تھاپ پر
اعلان کیا کہ اب ہم بجلی ایکسپورٹ کرنے کی پوزیشن میں آ گئے ایک سال گزر جانے کے
بعد ساہیوال کول پاور کے مقام پر صرف دھول اڑ رہی ہے، زمین تک نہیں خریدی گئی، اسی
طرح چنیوٹ کے ذخائر پر قوم کو خوشخبری دی گئی کہ زیر مین سونے کا سمندر ابل رہا ہے
مگر ایک ماہ بعد یہ جھوٹ بھی پکڑا گیا اب وہی واویلہ چینی سرمایہ کاری کے حوالے سے
کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین تو ہماری مدد کرنا چاہتا ہے مگر اس حوالے سے
پہلی رکاوٹ خود کرپٹ حکومت اور اس کی سرکاری مشینری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی سے
کار چلانے والے آغا وقار نے 48 گھنٹے قوم کو بیوقوف بنایا مگر شریف برادران نے
30سال سے قوم کو بیوقوف بنارکھا ہے۔


تبصرہ