عوامی تحریک نے زعیم قادری کے خلاف الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا
زعیم قادری وزیر اعلیٰ کے ترجمان ہیں، سیکشن 86 کے تحت انتخابی
مہم میں حصہ نہیں لے سکتے
خط عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کی طرف سے لکھا گیا ہے
لاہور
(21 اپریل 2015) پاکستان عوامی تحریک نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان زعیم قادری کے
خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان کو انتخابی قوانین کی خلاف ورزی پر خط لکھا ہے کہ
وزیر اعلیٰ پنجاب کا ترجمان جس کی حیثیت سرکاری ہے وہ کنٹونمنٹ آرڈیننس 2002 کے
سیکشن 86 کے تحت انتخابی عمل میں شرکت نہیں کرسکتا۔ زعیم قادری نے گذشتہ رات
کنٹونمنٹ لاہور کے وارڈ 10 میں ن لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار کے حق میں جلسہ میں
خطاب کیا اور وزیر اعلی پنجاب کے ترجمان کی حیثیت سے اپنی حیثیت کا غلط استعمال کیا
جس کے خلاف بلاتاخیر ایکشن لیا جائے، یہ خط پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری
جنرل خرم نواز گنڈا پور کی طرف سے گذشتہ کورئیر سروس کے ذریعے ارسال کیا گیا۔ خرم
نواز گنڈا پور نے کہا کہ اس سے پہلے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے انتخابی
جلسوں سے خطاب کیا جس کی تحریری شکایت الیکشن کمیشن کو کی تھی جس پر تاحال کوئی عمل
نہیں ہوا، اب دیگر حکومتی ذمہ دار وزیر اعلیٰ پنجاب کے ایما پر انتخابی مہم میں حصہ
لے رہے ہیں اور سرکاری وسائل اور حیثیت کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔ عوام کو آزادانہ
ووٹ کے استعمال کے حق سے روکا جا رہا ہے، ترقیاتی فنڈز کا بلا روک ٹوک استعمال ہو
رہا ہے جو فیئر اینڈ فری الیکشن کے تقاضوں کے خلاف ہے، خرم نواز گنڈا پور نے مطالبہ
کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان کیخلاف فی الفور کارروائی کی جائے۔


تبصرہ