عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی کی شیخ رشید سے ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
عام بلدیاتی انتخابات میں متفقہ امیدوار کھڑے کرنے پر اتفاق
سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کا مئی کے پہلے ہفتے مکمل طبی معائنہ ہوگا
حکمرانوں کو علم ہے ماڈل ٹاؤن پر غیر جانبدار تحقیقات کا مطلب پھانسی ہے: شیخ رشید

لاہور (20اپریل 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے گزشتہ روز عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ دونوں جماعتوں نے کنٹونمنٹ کے ساتھ ساتھ عام بلدیاتی انتخابات میں متفقہ امیدوار کھڑے کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ ایکشن نہ لیتی تو موجودہ حکمران کبھی بلدیاتی انتخابات نہ کرواتے، بلدیاتی انتخابات کے فنڈز اور اختیارات پر قبضہ چھڑانے کیلئے پوری قوم کو ہم آواز ہونا پڑے گا۔ الیکشن سپریم کورٹ کروارہی ہے، ان اداروں کو چلانے اور ان کے وسائل اور اختیارات واگزار کروانے کیلئے بھی سپریم کورٹ کو ہی کردار ادا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک وزیراعلیٰ پنجاب اقتدار میں ہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کو انصاف نہیں ملے گا اور نہ غیر جانبدار تحقیقات ہونگی۔ حکمرانوں کو پتہ ہے غیر جانبدار جے آئی ٹی کا مطلب پھانسی کا پھندا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 بے گناہوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ایسا واقعہ کسی مغربی ملک میں ہوا ہوتا تو وہاں کے عوام ایسے سنگدل حکمرانوں کو اٹھا کر سمندر میں غرق کر دیتے۔
ڈاکٹر رحیق عباسی نے ملاقات کے دوران سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی صحت کے حوالے سے بتایا کہ مئی کے پہلے ہفتے میں ان کا مکمل طبی معائنہ ہوگا اور Ejection Fraction کے دل کے مرض کے حوالے سے ڈاکٹر ان کی صحت میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیں گے۔ ڈاکٹرز کی رپورٹ آنے کے بعد سربراہ عوامی تحریک وطن واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان کرینگے۔


تبصرہ