حکمران جماعت بد ترین کارکردگی چھپانے کیلئے بلدیاتی حلقوں میں حکومتی مشینری کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے، الیکشن کمیشن نوٹس لے
پاکستان عوامی تحریک نے 25اپریل کنٹونمنٹ کے بلدیاتی انتخابات
پر تحفظات کا اظہار کردیا
ن لیگ کے وزراء اور ایم این ایز، ایم پی ایز، دھاندلی کی سازش کر رہے ہیں، تحقیقات
کا مطالبہ کر دیا
جعلی حکومت ہمارے کارکنوں کے صبر و تحمل کو کمزوری نہ سمجھے، 25اپریل کو کینٹ اور
والٹن میں پاکستان عوامی تحریک سر خرو ہو گی
پاکستان عوامی تحریک کنٹونمنٹ بلدیاتی امیدواروں کی مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں
مشترکہ ہنگامی پریس کانفرنس

لاہور (19 اپریل 2015) پاکستان عوامی تحریک نے 25اپریل کنٹونمنٹ کے بلدیاتی انتخابات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔ پاکستان عوامی تحریک کے بلدیاتی امیدواروں کا کہنا ہے کہ قبل از انتخابات ن لیگ کے وزراء اور ایم این ایز، ایم پی ایز، دھاندلی کی سازش کر رہے ہیں۔ نواز لیگ دھاندلی کی ماہر ہے اور وہ 25اپریل کو دھونس اور دھاندلی کے تمام حربے استعمال کرے گی۔ مسلم لیگ ن نے 11مئی 2013 کے جعلی الیکشن میں بھی قوم سے جھوٹے وعدے کئے تھے۔ 3 ماہ میں بجلی کا بحران حل نہ کرنے پر اپنا نام تبدیل کرنے والے نام نہاد وزیر اعلیٰ ایک بار پھر کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی الیکشن میں قوم سے جھوٹے وعدے کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن اپنی 2سالہ بد ترین کارکردگی کو چھپانے کیلئے حکومتی مشینری کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے، الیکشن کمیشن نوٹس لے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے نائب صدر راجہ زاہد محمود اور لاہور والٹن سے پاکستان عوامی تحریک کے بلدیاتی امیدواروں ڈاکٹر محمود رحمانی وارڈ نمبر8، عبد الرؤف بٹ وارڈ نمبر9، شہباز اکرام بٹ وارڈ 6، چوہدری ارشد وارڈ نمبر 7، حاجی برکت علی وارڈ 3، عمران صدیق وارڈ نمبر 10، سجاد خان وارڈ 5 نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں مشترکہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راجہ زاہد محمود نے کہا کہ جعلی حکومت ہمارے کارکنوں کے صبر و تحمل کو کمزوری نہ سمجھے، 25اپریل کو کینٹ اور والٹن میں پاکستان عوامی تحریک سر خرو ہو گی، 11مئی 2013کے الیکشن جعلی تھے اور الیکشن کے بعد جیتنے والا اور ہارنے والا دونوں سر پیٹ رہے تھے، لیکن 25اپریل کو پاکستا ن عوامی تحریک یہ سب نہیں ہونے دے گی، اہلیان کینٹ کی سیاسی وفاداریاں پاکستان عوامی تحریک اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ ہیں، لاہور کینٹ اور والٹن کی آبادیاں پاکستان عوامی تحریک کا سیاسی قلعہ ہیں، عوام میں سیاسی شعور بیدار کرنے کی وجہ سے پاکستان عوامی تحریک کے امیدوار 25اپریل کو بھاری اکثریت سے کامیاب ہو نگے۔ حکومت نے مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا ہے اور کسی غریب کا کوئی پرسان حال نہیں۔ حکومت زندگی کے تمام شعبوں میں ناکام نظر آتی ہے ملک میں بڑھتی ہوئی اشیائے خودونوش کی قیمتوں سے ہر انسان تنگ ہے اور حکومت کے وزیروں مشیروں کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگ رہی، عوام باشعور ہو چکے ہیں سوچ سمجھ کر ووٹ دیں اور کسی کے جھوٹے وعدوں پر یقین نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ شیر نے عوام کا خون چوس لیا، عوام پاکستان عوامی تحریک کے نامزد امیدواروں کو کامیاب بنائیں اور بالٹی کے انتخابی نشان پر مہر لگائیں تا کہ عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہو سکیں، پاکستان عوامی تحریک ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جو عوام کے اعتماد اور ووٹوں پر یقین رکھتی ہے۔ کبھی حکومت کے حصول کیلئے چور دروازے کا استعمال نہیں کیا، پاکستان عوامی تحریک عوام کو مایوس کرنے کی بجائے وعدے پورے کرے گی، پاکستان عوامی تحریک جھوٹے وعدوں پر یقین نہیں رکھتی۔ PAT کے امیدواروں کو کامیابی ملی تو عوامی خدمت کی نئی تاریخ رقم کریں گے۔ PAT کے امیدوار کامیابی کے بعد لاہور کینٹ کی تعمیر و ترقی کیلئے بزرگ شہریوں کے تجربات و مشاہدات سے استفادہ کرینگے۔ عوام کی ترقی اور خوشحالی تک چھین سے نہیں بیٹھیں گے، کامیابی کے بعد عوام کو کسی بھی وقت پاکستان عوامی تحریک کے امیدواروں کے دروازے بند نہیں ملیں گے۔


تبصرہ