2013 کے الیکشن غیر آئینی اور عوام غیر قانونی حکمرانوں کی چھٹی چاہتے ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری
عوامی تحریک واحد جماعت ہے جس نے آزاد الیکشن کمیشن اور انتخابی
اصلاحات کیلئے لانگ مارچ کیا
کنٹینر پالیٹکس نہ کرنے کے دعویداروں نے پورا پنجاب کنٹینرز سے سیل اور لوگوں کو
گھروں میں قید کیا، گفتگو
آزاد الیکشن کمیشن کیلئے ہماری جدوجہد کے خلاف تمام قوتیں ایک نہ ہوتیں تو قوم کو
یہ دن نہ دیکھنا پڑتے

لاہور (16 اپریل 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ 2013 ء کے عام انتخابات کروانے والا الیکشن کمیشن غیر آئینی تھا اور اس کے نتیجے میں وجود میں آنے والی حکومت غیر قانونی ہے، عوام غیر قانونی حکمرانوں کی چھٹی چاہتے ہیں۔ 2013 کے غیر آئینی انتخابات کے حوالے سے دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن کو خط لکھ دیا ہے، فروعی واقعات کی بجائے برائی کی اصل جڑ پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ سربراہ عوامی تحریک نے گزشتہ روز پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ کنٹینر پالیٹکس‘‘ نہ کرنے کے دعویداروں نے عوامی تحریک کا پرامن احتجاج روکنے کیلئے پورے پنجاب کو کنٹینر کھڑے کر کے سیل اور عوام کو گھروں میں قیدکیا، بالخصوص ماڈل ٹاؤن لاہور کے لاکھوں خاندانوں کو گھروں میں محصور کر کے خوراک، پانی، ادویات کی ترسیل تک روک دی جبکہ بے چارے غریب کنٹینر مالکان کو ان کا کریہ تک نہ دیا۔ عوام کو حکمرانوں کی کنٹینر پالیٹکس اور مظالم یاد ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ 2013 کے عام انتخابات کروانے والا الیکشن کمیشن آئین کے آرٹیکل 213 اور 218 کے خلاف بنایا گیا جبکہ 2013 کے انتخابات آئین کے تقاضوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے 8 جون 2012 کے سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عملدرآمد کیے بغیر منعقد کیے گئے اس لیے پورا انتخابی ڈھانچہ اور اسکے نتیجے میں قائم ہونے والی حکومت ہی ناجائز ہے۔ آزاد الیکشن کمیشن کیلئے ہماری جدوجہد کے خلاف تمام قوتیں ایک نہ ہوتیں تو قوم کو یہ دن نہ دیکھنا پڑتے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی انتخابی اصلاحاتی کمیٹی صرف وقت ضائع کررہی ہے کیونکہ موجودہ حکمران کبھی بھی حقیقی اور آئین کے مطابق اصلاحات نہیں ہونے دینگے کیونکہ اگر عوام کو ووٹ کے استعمال کا آزادانہ اور آئینی حق مل گیا اور بذریعہ قانون عوامی مینڈیٹ کی حفاظت ہو گئی تو موجودہ سٹیٹس کو کی پارٹیوں کا صفایا ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ جوڈیشل کمیشن آزاد اور خودمختار الیکشن کمیشن کی تشکیل اور دھاندلی کے تمام دروازے بند کرنے کیلئے ٹھوس حکمت عملی بھی وضع کرے اور الیکشن کے عمل کو حکمرانوں کی ماتحتی سے نجات دلائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک واحد سیاسی جماعت ہے جس نے غیر آئینی الیکشن کمیشن اوردولت کے اردگرد گھومنے والے ناقص انتخابی قوانین کو تبدیل کرنے کیلئے لانگ مارچ کیا اور پوری قوم کی توجہ ایک اہم قومی ایشو کی طرف مبذول کروائی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے ہمارے ساتھ کیے جانے والے معاہدے سے انحراف کیا اور پھر تمام سیاسی جماعتوں نے بعدازاں دھاندلی پر شور مچایا۔ دھاندلی کی چھان بین کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن ہمارے موقف کی فتح ہے۔


تبصرہ