وزیراعظم کا دورہ گلگت بلتستان پری پول رگنگ ہے:ڈاکٹر رحیق عباسی
پورے جی بی کیلئے اعلان کیا گیا کاغذ ی پیکیج لاہور کے میٹرو بس
منصوبے سے بھی کم ہے:مرکزی صدر پی اے ٹی
جی بی کے عوام آئینی حقوق مانگ رہے ہیں، وزیراعظم بھاشا ڈیم کا بھاشن دے آئے
لاہور
(14 اپریل 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا ہے کہ
وزیراعظم کا دورہ گلگت بلتستان پری پول رگنگ ہے۔ انتخابات قریب آنے پر وزیراعظم کو
گلگت بلتستان یاد آ گیا، وزیراعظم نے پورے جی بی کیلئے جس کاغذی پیکیج کاا علان کیا
ہے اس کی مالیت لاہور کے میٹروبس منصوبہ سے بھی کم ہے۔ جی بی کے عوام آئینی حقوق،
تحفظ اور روزگار مانگ رہے ہیں وزیراعظم انہیں بھاشا ڈیم کے بھاشن دے آئے۔ گلگت
بلتستان کے عوام ن لیگ کے وعدوں کے جال میں نہیں آئینگے۔ گزشتہ روز انہوں نے مرکزی
سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں شیخ زاہد فیاض، سیکرٹری کوآرڈینیشن ساجد بھٹی، مشتاق
نوناری ایڈووکیٹ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت گلگت بلتستان کے 30 لاکھ
خاندان جمیز سٹون پر حکومتی پابندی کے باعث فاقوں سے دوچار ہیں اس حوالے سے
وزیراعظم کو ایک لفظ بولنے کی توفیق نہیں ہوئی، وزیراعظم وہاں فرضی اور انتخابی
نعرے لگا کر آئے ہیں ان میں سے ایک بھی پورا نہیں ہو گا۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا
کہ قائد انقلاب ڈاکٹر طاہر القادری واحد لیڈر ہیں جنہوں نے گلگت بلتستان کی آئینی و
علاقائی حیثیت اور اہمیت کو اجاگر کرنے کا پلان دیا۔ وزیراعظم مخلص ہوتے تو جی بی
کے عوام کو سینیٹ میں بھی نمائندگی دلواتے۔ گلگت بلتستان میں پنجاب کے افسروں کو
مسلط کر کے وہاں کے مقامی لوگوں کا استحصال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان
عوامی تحریک گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اس حوالے سے تیاریاں
زور و شور سے جاری ہیں۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سے بھی مطالبہ کیا کہ نگران
حکومت کے قیام کے بعد وزیراعظم کو جعلی ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرنے کا کوئی حق
نہیں یہ پری پول رگنگ ہے۔ الیکشن کمیشن پاکستان اس کا نوٹس لے۔


تبصرہ