25 اپریل کو کنٹونمنٹ بورڈ میں بلدیاتی انتخابات کے لئے عوامی تحریک نے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے
اسلام آباد میں بھی بلدیاتی انتخاب کی تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے
حکومت کے جعلی خدمت کے جعلی دعوے بے سود ثابت ہوں گے
ذاتی تشہیر کے لئے قومی دولت کے بے دریغ استعمال پر پابندی لگائی جائے
انقلاب مارچ کے بعد حکمران جعلی مینڈیٹ بھی کھو چکے، عوام کا اعتماد حکمرانوں سے اٹھ
چکا ہے

پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار منصور خان نے کہا ہے کہ 25 اپریل کو کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات کے لئے عوامی تحریک نے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے، اس سلسلے میں ملک افضل اور نعیم سلطان کیانی کی سربراہی میں کمیٹی قائم ہو چکی ہے، عوامی تحریک نے 27 مارچ تک امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لیں۔ درخواستیں کمیٹی کے پاس جمع کرائی جائیں گی، انہوں نے بتایا کہ عوامی تحریک کی جانب سے بنایا گیا ’’الیکشن مانیٹرنگ سیل‘‘ امیدواروں کے ناموں پر غور کرے گا اور متعلقہ تنظیمات کی مشاورت سے امیدوار فائنل کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز متوقع بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اسلام آباد میڈیا سیل میں عہدیداران کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملک افضل، نعیم سلطان کیانی، ابرار رضا ایڈووکیٹ، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، مصطفی خان، ملک طاہر جاوید، ماجد قریشی، مطلوب قریشی، ملک ناصر، میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان اور دیگر بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بھی بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے۔ موجود حکمران جب بھی برسراقتدار آئے جمہوری روایات کو پس پشت ڈالا گیا۔ کرپشن، اقربا پروری کے ریکارڈ قائم کیے گئے اور عوامی مسائل کے حل کی بجائے اپنوں کو نوازنے کے لئے میگا منصوبے لائے گئے، جن سے مسائل حل نہیں، بلکہ عوامی مسائل میں اضافہ ہوا، ممبران پارلیمنٹ اور سینیٹرز کو مراعات دے کر نوازا گیا، عوام کو خوشحالی کی بجائے مہنگائی، بے روزگاری، غربت کی بھینٹ چڑھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب مارچ کے بعد حکمران اپنا جعلی مینڈیٹ بھی کھو چکے ہیں، عوام کا اعتماد حکمرانوں سے اٹھ چکا ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری قوم کے آخری مسیحا ہیں۔


تبصرہ