فیصل آباد: خوفزدہ اور دوہرے معیار والی قیادت دہشت گردی کا خاتمہ نہیں کر سکتی: محمد رفیق نجم

فیصل آباد: تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ناظم تنظیمات انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا کہ دھاندلی کر کے اقتدار میں آنے والی خوفزدہ اور دوہرے معیار والی حکمران قیادت دہشت گردی کا خاتمہ نہیں کر سکتی اور یہ حکمران جب تک مسلط رہیں گے ملک اور عوام پستے رہیں گے۔ آنے والے دنوں میں پاکستان عوامی تحریک اور اس کے کارکنوں کا اہم قومی سیاسی کردار ہو گا، کارکن ظالم نظام اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف فیصلہ کن جدوجہد کی تیاری کریں، ظلم کے نظام کو ایوانوں کے اندر بیٹھ کر بدلیں گے۔ غریب پاکستانیوں کو بااختیار، پراعتماد اور آسودہ حال بنانے کیلئے آخری سانس تک لڑے گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآ ن پی پی 66، 67 کے زیراہتمام طارق آباد میں بعنوان ’’پاکستان میں عوام کے بنیادی حقوق اور ڈاکٹر طاہرالقادری‘‘ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں انجینئر محمد طارق فرید، علامہ عزیزالحسن اعوان، غلام محمد قادری، حاجی بابر ظہیر، قاری عبدالرشید اعوان، حاجی محمد نصیر، سہیل مقصود، سلمان غازی، میاں اکرام الحق، رانا رب نواز انجم، محمد عابد افضل، رانا عامر شہزاد، ڈاکٹر خالد محمود، استخار احمد، کاشف ایاز، عبد الفاروق اور ملک عثمان بھی موجود تھے۔
میاں کاشف محمود، میاں عبدالقادر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم کو آئین کا شعور دیا اور بتایا کہ آئین پاکستان عوام کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے لیکن حکمران مسلسل آئین پاکستان کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک عوام کو دعوت فکر دے رہی ہے کہ اٹھو اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے انقلاب کا حصہ بن کر ملک میں حقیقی تبدیلی میں اپنا کردار ادا کرو۔ عوام کب تک خاموش بیٹھ کر ان حکمرانوں کی طرف دیکھتے رہیں گے۔ ایک دن صبر کا پیمانہ لبریز ہو جائے گا اور جس دن صبر کا یہ بند ٹوٹ گیا اس دن قصر شاہی میں بیٹھنے والے وڈیرے، جاگیردار، سرمایہ دار، لٹیرے اور رسہ گیر عوامی سیلاب میں خشک تنکوں کی طرح بہتے نظر آئینگے۔


تبصرہ