نااہل سیاست دانوں نے ملک تباہی کے دھانے پر کھڑا کر دیا ہے۔ عمر ریاض عباسی
وزیراعظم کو آج تک یہ بات سمجھ نہ آسکی کہ دھرنے کا مقصد کیا تھا
پمز کے سینئر ڈاکٹر شاہد نواز پر قاتلانہ حملہ ناقص سیکیورٹی کا نتیجہ ہے
پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے عہدیداران سے خصوصی گفتگو
پاکستان
عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں نام
نہاد سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کر دیا ہے۔ دھرنے
میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے پوری قوم کو شعور دیا، آج عوام میں اپنے حقوق کے حصول کے
لئے جو شعور آیا ہے وہ انقلاب مارچ اور دھرنے کے باعث ہی ہوا ہے۔ وزیر اعظم کو آج تک
یہ بات سمجھ نہ آسکی کہ دھرنے کا مقصد کیا تھا ایسے نااہل حکمرانوں کی کرپشن کے باعث
ملک کا بچہ بچہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف جیسے عالمی استحصالی مالیاتی اداروں کا نہ
صرف مقروض ہے بلکہ اس قرض میں آئے روز اضافہ بھی ہو رہا ہے۔ توانائی کے بحران میں روز
بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے، حکومت بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ موجودہ حکمرانوں کے انتظار
میں سابق حکمرانوں کو برداشت کرنے والے اب سر پکڑ کر بیٹھے ہیں، موجودہ ظالم حکمرانوں
نے عوام سے جینے کاحق بھی چھین لیا ہے۔ پورے ملک میں دہشت گردی اور بد امنی کا راج
ہے۔ وہ گزشتہ روز ضلعی سیکرٹریٹ میں عوامی تحریک اسلام آباد کے عہدیداران سے گفتگو
کر رہے تھے۔ اس موقع پرابرار رضا ایڈووکیٹ، اجمل چوہدری، عرفان طاہر، احسان اللہ ایڈووکیٹ،
عزیز اللہ مروت، سفیان صابر، نعمان کریم، محبوب الہی بھی موجود تھے۔
عمر ریاض عباسی نے کہا ہے کہ عوامی تحریک ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے کوشاں ہے، کارکن ملک کی بقا، سلامتی اور استحکام کیلئے علمی، فکری، سیاسی اور فلاحی محاذ پر مصروف عمل ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے اس نظریاتی اسلامی ملک کے غریب دشمن نظام سیاست اور معیشت کو تبدیل کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انقلابی جذبے ہمیشہ رکاوٹوں کی دیواریں توڑ کر اپنا راستہ بناتے رہے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ جذبوں کے دریا اسی سمت رخ کریں گے جس طرف قائد انقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری اشارہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نااہل سیاست دانوں نے ملک تباہی کے دھانے پر کھڑا کر دیا ہے۔ ملک کو جس محنت، جذبے اور مہارت کی ضرورت تھی اس کا ہمیشہ سے فقدان رہا ہے۔ نظام تعلیم افراد اور قوم کی ذہن سازی نظریات اور افکار کی پرورش کرتا ہے، جہالت کے اندھیروں سے قوم کو نکال کر روشنیوں کی شاہراہوں پر گامزن کرتا ہے لیکن آج 21 ویں صدی میں پاکستان کے علاوہ شاید ہی دنیا کا کوئی ملک ایسا ہو جس کا کوئی نظام تعلیم ہی نہیں بن سکا ہے۔ انہوں نے پمز کے سینئر ڈاکٹر شاہد نواز پر قاتلانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے حکومت کی ناقص سیکیورٹی کا نتیجہ قرار دیا۔


تبصرہ