اسمبلیوں میں بیٹھے کرپٹ اور مفاد پرست لوگ دہشت گردوں کی پشت پناہی کرتے ہیں: سید گفتار حسین شاہ

واہ کینٹ: نااہل اور کرپٹ حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دھانے پر لا کر چھوڑ دیا ہے، اگر یہ ٹولہ مزید کچھ عرصہ اقتدار پر رہا تو ملک کی بربادی یقینی ہے، جن لوگوں کو ملک کے لیے قانون سازی کا حق دیا گیا ہو اور وہ لوگ سڑکیں، نالیاں اور بلدیاتی لیول کے کاموں پر فخر کرتے ہوں تو انہیں قومی اور صوبائی اسمبلیوں سے نکل کر بلدیات میں چلے جانا چاہیے۔ ملک میں دہشت گردی کی انتہا ہوگئی ہے، بے روزگاری کا عالم یہ ہے کہ ایک ویکنسی کے 5 ہزار طلبگار ہوتے ہیں، پٹرول اگر سستا کر بھی دیا جائے تو منہگائی پر قابو نہیں پایا جا سکتا ہے۔ لوگوں کو گدھے ذبح کر کے کھلائے جا رہے ہیں، ان کے بارے میں تعزیرات میں کوئی قانون ہی نہیں ہے، اسی طرح مردے کھانا، کھلانا، ان کی بے حرمتی اور زنا جیسی گھناؤنی حرکت کے لیے قانون نہیں بنایا گیا۔
ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک PP-8 کے صدر سیدگفتار حسین شاہ (ایڈوکیٹ ہائی کورٹ) اور پاکستان عوامی تحریک PP-8 کے جنرل سیکرٹری سیف الرحمٰن عطاری نےپریس کانفرنس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اسمبلیوں میں اکثریت کرپٹ اور مفاد پرست لوگوں کی ہے جو اپنے مفاد کی خاطر دشت گردوں کی پشت پناہی اور پرورش کرتے ہیں۔ ایسا مفاد پرست ٹولہ ملک سے غداری اور دشمنی کے زمرے میں آتا ہے۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور جیسے شخص کا اس حکومت سے علیحدہ ہونے کی ایک وجہ یہ بھی تھی۔ پاکستان عوامی تحریک PP-8 میں نئے شامل ہونے والے افتخار اعوان نے بتایا ان ملکی مسائل کا حل صرف انقلاب کے سوا اور کوئی نہیں ہے، بلآخر پاکستان عوامی تحریک کی ہی کوششیں رنگ لائیں گی۔


تبصرہ