جب تک عوام کسی انقلابی قیادت کو اقتدار نہیں سونپتے، مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو گا۔ پاکستان عوامی تحریک
مضبوط پاکستان ہی آزادی کشمیرکا ضامن ہوسکتا ہے
یوم کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے مقررین کے خطابات

راولپنڈی: پاکستان کی نااہل سیاسی قیادت نے عوام کو روٹی روزی کے چکروں میں اس قدر مصروف کر دیا ہے کہ اب ہمیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سنگینوں کے سائے میں زندگی گزارنے والے اپنے بھائیوں کی یاد تک نہیں ستاتی۔ میڈیا میں اس گھمبیر مسئلے پر مخصوص دنوں میں ہی بات ہوتی ہے۔ ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے عالمی سطح پر بھی کوئی شنوائی نہیں۔ 5 فروری کو روایتی انداز میں تقاریب ہوتی ہیں جن میں گفتن، نشستن، برخاستن والا معاملہ ہوتا ہے۔ جب تک عوام کسی انقلابی قیادت کو اقتدار نہیں سونپتے، مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی راہنماء احمد نواز انجم نے گزشتہ روز ضلعی سیکرٹریٹ البلال پلازہ چاندنی چوک میں یوم کشمیر کے حوالے سے منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں شہر بھر سے تحریک کے کارکنان شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن راولپنڈی کے امیر انار خان گوندل نے کہا کہ بدعنوان مقتدر طبقات نے پاکستان کو ایک بھکاری ملک بنا دیا ہے جبکہ بھارت بڑے ممالک کی مصنوعات کیلئے ایک بڑی منڈی بن چکا ہے۔ کئی سالوں سے ملک بھر میں جاری دہشت گردی کی وارداتوں اور دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانوں کی وجہ سے بھی دنیا ہمیں شک کی نظر سے دیکھتی ہے۔ حقوق انسانی کی تنظیمات عورتوں، صحافیوں اور اقلتیوں کے حوالے سے پاکستان کو محفوظ ملک نہیں سمجھتیں۔ بحیثیت مجموعی ہم ایک ناکام ریاست بن چکے ہیں۔
عوامی تحریک یوتھ ونگ کے صدر منصور اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ مضبوط پاکستان ہی آزادی کشمیر کا ضامن ہو سکتا ہے۔ موجودہ استحصالی نظام اور اس کی محافظ سیاسی قیادت کے ہوتے ہوئے کشمیر تو دور کی بات خود پاکستان کی سلامتی خطرے میں ہے۔ عوام کو بیدار ہو کر موجودہ نااہل قیادت سے جان چھڑانا ہو گی۔


تبصرہ