عالمی امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ سردار منصور خان
کشمیریوں نے آزادی کیلئے لازوال قربانیاں دیں
خطے میں قیام امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل بنیادی ضرورت ہے
یوم کشمیر پر پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام سیمینار

پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار منصور خان، چیف آرگنائزر جموں کشمیر عوامی تحریک سردار اعجاز سدوزئی، ویلی 4 کشمیرکے رہنما میڈیا کوآرڈینیٹر PAT غلام علی خان نے یوم کشمیر کے موقع پر مقامی ہوٹل میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں قیام امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل بنیادی ضرورت بن چکا ہے، بھارت نے گزشتہ 67 سالوں سے کشمیر پر اپنا غیر قانونی اور غیر آئینی تسلط قائم کر کے ظلم و جبر کی انمٹ داستان رقم کی ہوئی ہے، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمہ کیلئے سیاسی تنازعات کے خاتمے کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کیا جاتا تو آج حالات بہتر ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خودارادی ان کا بنیادی حق ہے۔ اس موقع پر سردار افتخار سدوزئی، سردار نجم الثاقب، سردار نسیم سدوزئی، میر اشتیاق ایڈووکیٹ کے علاوہ دیگر مرد وخواتین موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ناگزیر ہے، جس کے لئے کشمیریوں نے لازوال قربانیاں دیں اور اب تک قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے اصل مسائل غربت، بیماری اور جہالت ہیں۔ قیمتی وسائل جنگ و جدل کے ساز و سامان پر خرچ کرنے کی بجائے انسانی فلاح و بہبود پر خرچ ہونے چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن کے قیام کیلئے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو صحیح طریقے سے پہنچایا جائے، بھارت دنیا کو میدان جنگ بنانے کی بجائے امن کا گہوارہ بنانے کے لئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے، اس کیلئے کشمیر سمیت دیرینہ بین الاقوامی تنازعات کا حل ضروری ہے۔


تبصرہ