پاکستان 25 کروڑ غیور عوام کے پاس قائد اعظمؒ کی امانت ہے: خرم نواز گنڈاپور
قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی فکر اور نظریہ پاکستان اسلامی اصولوں کے تابع تھا
بانی پاکستانؒ کے افکار پر عمل کر کے بحرانوں سے نکلا جا سکتا ہے: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور(11ستمبر2024) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی 76ویں برسی کے موقع پر منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہاکہ پاکستان کسی فرد واحد کا ملک نہیں بلکہ 25 کروڑ غیور عوام کے پاس قائد اعظم ؒ کی امانت ہے۔قائد اعظمؒ پاکستان کو جدید اسلامی، جمہوری و فلاحی ریاست بنانا چاہتے تھے۔ آج پاکستان کو معرض وجود میں آئے 77سال کا عرصہ ہو گیا افسوس ہم اب تک یہ مقاصد حاصل نہ کر سکے۔ قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی فکر اور نظریہ پاکستان اسلامی اصولوں کے تابع تھا۔ قائدِ اعظم کا تصورِ پاکستان ترقی یافتہ اسلامی فلاحی ریاست تھی۔ قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ نے جس پاکستان کی تشکیل کی تھی وہاں غیر مسلموں کے حقوق کو بھی خصوصی اہمیت حاصل تھی۔ آج قائد کا پاکستان عوام کے حقوق کے تناظر میں جو تصویر پیش کر رہا ہے وہ جناح کی امیدوں سے متصادم ہے۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کیلئے بنا ہے اور بفضل تعالیٰ قائم و دائم رہے گا۔ نئی نسل کو فکری رہنمائی دینا اور جذبہ حب الوطنی بیدار رکھنے کے عمل کو جاری رکھنا مذہبی و سیاسی قیادت کے فرائض میں شامل ہے مگر افسوس اس میں شعوری کوتاہی برتی جا رہی ہے۔ رہنمائی دینے والے اکھاڑے میں اتر کر سیاسی داؤ پیچ لڑانے میں مگن رہتے ہیں۔ ایک دوسرے کو نیچا دکھانا ہی کلی سیاست بن چکی ہے۔ ملکی اور عوامی مسائل کو حل کرنا صرف بیان دینے کی حد تک ہے، عمل اس کے بر عکس ہوتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ آج ہم قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے فلسفے اور افکار پر عمل کر کے ملک و قوم کو درپیش بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔ آج کا نوجوان قائد اعظمؒ کی تعلیمات پر عمل کر کے ملک و قوم کا نام روشن کر سکتا ہے۔
تبصرہ