لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال تشویشناک ہے: خرم نواز گنڈاپور
بلوچستان میں جوانوں اور سویلین کی شہادتوں پر قوم دکھی ہے، سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے سیاسی عدم استحکام کا خاتمہ ناگزیر ہے
لاہور(26 اگست 2024ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ بلوچستان میں فورسز کے جوانوں اور سویلین کی پے در پے شہادتوں پر قوم دکھی ہے۔ ابھی جنوبی پنجاب میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں پولیس اہلکاروں کی شہادتوں کا دکھ کم نہیں ہوا تھا کہ بلوچستان سے دل دہلا دینے والی خبریں آگئیں۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کے جوانوں اور سویلین کی شہادتوں پر سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ان کے جذبہ حب الوطنی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا کے ساتھ ساتھ پنجاب میں بھی ڈاکو، جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گرد عوام کے جان و مال سے کھیل رہے ہیں جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا وجود نہ ہونے کے برابر ہے۔
لاء اینڈ آرڈر کی بحالی کے حوالے سے پارلیمنٹ کا کوئی کردار نظر نہیں آرہا۔ یہاں تک کہ متحدہ حکومت کے پاس پارلیمنٹ میں لاء اینڈآرڈر پر بحث کروانے کے لئے بھی وقت نہیں ہے۔ پاکستان اپنی تاریخ کے نازک ترین دور سے گزررہا ہے۔ بحرانوں اور چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سیاسی عدم استحکام کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ امن عامہ قائم کرنے کے لئے انتقام، دشنام اور الزام کی سیاست کو دفن کرنا ہو گا۔ اس وقت عوام اور حکمران دو مختلف سمتوں میں کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب دشمن ملک فتح نہیں کرتے بلکہ معاشی، سماجی، معاشرتی جڑیں کاٹتے ہیں اور ملکوں کے وجود کو اپاہج بنا دیتے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہورہا ہے۔ صرف اتحاد و یکجہتی سے ہی اندرونی اور بیرونی سازشوں کا قلع قمع کیا جا سکتا ہے۔
تبصرہ