آئی پی پیز معاہدے ختم نہ ہوئے تو غریب ختم ہو جائیگا: خرم نواز گنڈاپور
آئی پی پیز کے ساتھ ظالمانہ معاہدے کرنے والوں کو جواب اور حساب دینا پڑے گا
گورنر سٹیٹ بینک کے اعداد و شمار عوام کیلئے نہیں ہیں: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
معیشت بہتر ہوئی ہے تو فی کس آمدن کتنی بڑھی؟ بیروزگاری کتنی کم ہوئی؟
لاہور (30 جولائی 2024ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ آئی پی پیز معاہدے ختم نہ ہوئے تو غریب ختم ہو جائے گا۔ گورنر سٹیٹ بینک کے اعداد و شمار عوام کے لئے نہیں ہیں۔ معیشت اگر بہتر ہوئی ہے تو بتایا جائے فی کس آمدن کتنی بڑھی، بند انڈسٹری کتنی کھلی، بیرون ملک شفٹ ہونے والا کاروبار اور کتنا سرمایہ واپس آیا؟، ایکسپورٹ اور ترسیلات زر میں کتنا اضافہ ہوا؟۔ مہنگائی میں کمی کے دعوے زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔ بجلی، گیس کے بل ادا کرنے کے بعد مزدور خاندانوں کے پاس کھانے اور خریدنے کے لئے کوئی پیسہ نہیں بچتا۔
گورنر سٹیٹ بینک کے یہ اعداد و شمار آئی ایم ایف کے لئے تو تسلی بخش ہو سکتے ہیں مگر عوام کے لئے نہیں۔ عوام کی گردن میں مہنگائی کا شکنجہ جتنا کسا جاتا ہے آئی ایم ایف اتنا خوش ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام بجلی، گیس کے بلوں سے عاجز آئے ہوئے ہیں۔ اتنی مہنگی بجلی، گیس کے ساتھ کاروبار کرنا دور کی بات گھر کا چولہا جلانا بھی ناممکن ہو گیا ہے۔ بے حس اور بے رحم حکمران عوام کی چیخ و پکار پر بھی ٹس سے مس نہیں ہورہے۔
تبصرہ