آئی پی پیز کے ساتھ ظالمانہ معاہدے ختم کئے جائیں: عوامی تحریک
ملی بھگت کے ساتھ کیپیسٹی پیمنٹ کے نام پر بھتہ وصول کیا جارہا ہے: خرم نواز گنڈاپور
لاہور(24 جولائی 2024ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ آئی پی پیز کے ساتھ ظالمانہ معاہدے ختم کئے جائیں۔ ملی بھگت کے ساتھ کیپیسٹی پیمنٹ کے نام پر بھتہ وصول کیا جارہا ہے۔ ریاست 25 کروڑ عوام سے جینے کا حق چھیننے والے آئی پی پیز مالکان کا محاسبہ کیوں نہیں کرتی؟ بجلی کے ظالمانہ بلوں کی وجہ سے بھائی، بھائی کا گلہ کاٹ رہا ہے، کروڑوں غریب خاندانوں کی گھریلو زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔ ایک پنکھا اور فریج استعمال کرنے والوں کو بیس، بیس ہزار روپے کا بل آرہا ہے۔ لوگ کب تک گھریلو اشیاء بیچ کر، ادھار مانگ کر بجلی کے بل ادا کریں گے۔؟
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش، انڈیا، سری لنکا، افغانستان اسی خطہ میں واقع ہیں وہاں عوام کو سستی بجلی کیسے دستیاب ہے؟ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کمپنیاں ایسٹ انڈیا کمپنیاں ہیں جو اس ملک اور عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہیں، ان کے سرپرست ایوانوں میں بیٹھے ہیں، ان کا احتساب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی رپورٹس بھی عام ہیں جن میں ایک یونٹ بجلی پیدا نہ کرنے والی کمپنیوں کو بھی کیپیسٹی پیمنٹ کے نام پر اربوں روپے دئیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے لوڈشیڈنگ کے نام پر عوام کا جینا حرام کیا گیا اور پھر آئی پی پیز کو مسلط کر دیا گیا یہ سب ملی بھگت کے ساتھ ہوا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عدالتی کمیشن تشکیل دے کر آئی پی پیز کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کی حقیقت معلوم کی جائے اور مالکان کے منافع کی شرح اور یہ کتنا ٹیکس دیتے ہیں بھی وہ سامنے لایا جائے۔
تبصرہ