حکومت کو جو سربمہر بجٹ دستاویز ملی پڑھ دی گئی: پاکستان عوامی تحریک
بجٹ میں قرضوں سے نجات کا کوئی پلان شامل نہیں: قاضی زاہد حسین
بجلی کے بل غریب کو اجتماعی خودکشی کی طرف دھکیل رہے ہیں، خرم نواز گنڈاپور
معاشی بحران کے باوجود غیر ترقیاتی اخراجات کم نہیں ہوئے، مشترکہ بیان
مستقبل میں وہی ملک بچیں گے جنہیں فوڈ سکیورٹی حاصل ہو گی
لاہور(12 جون 2024)پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت کو بجٹ کی جو سربمہر فائل ملی وزیرخزانہ نے پڑھ کر سنا دی، یہ بات واضح ہے کہ ان حکمرانوں کے ہوتے ہوئے عام آدمی کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔ مستقبل میں وہی ملک بچیں گے جنہیں فوڈ سکیورٹی حاصل ہو گی مگر موجودہ حکمران کسان کا نشان مٹانے پر تلے ہوئے ہیں۔
مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا کہ پاکستان کے عوام کا اللہ کے سوا اب اور کوئی حافظ نہیں۔ حکمران آنکھیں بند کر کے آئی ایم ایف کے احکامات مان رہے ہیں۔ سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ حیرت ہے ملک میں کاروباری سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں مگر ہر سال 2 ہزار ارب روپے ٹیکس ٹارگٹ بڑھا دیا جاتا ہے۔ یہ ٹیکس کون دے گا؟ یقیناعوام کی ہڈیوں سے نچوڑا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ میں قرضوں سے نجات کا کوئی پلان شامل نہیں،تجربہ کار حکمران قرضے لے کر قرضے ادا کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں، بجلی کے بل غریب خاندانوں کو اجتماعی خودکشی کی طرف دھکیل رہے ہیں،خوفناک معاشی بحران کے باوجود غیر ترقیاتی اخراجات کم نہیں ہوئے۔
تبصرہ