عوامی تحریک یوم تاسیس، شہر شہر نظام بدلو سیمینار، کیک کاٹے گئے
اشرافیہ کے نظام سے نجات کیلئے پوری قوم کو ہم آواز ہونا ہو گا، راہنما عوامی تحریک
لاہور(25 مئی 2024) پاکستان عوامی تحریک کا 35 واں یوم تاسیس ملک بھر میں جوش و خروش سے منایا گیا۔ عوامی تحریک کے عہدیداروں و کارکنان نے کیک کاٹے اور نظام بدلو سیمینار منعقد کئے۔
راہنماؤں نے کہا کہ موجودہ نظام ریاست پاکستان کو ہر گزرتے دن کے ساتھ کمزور کررہا ہے۔ اس نظام نے قوم کے اندر نفرت پیدا کی اور قوم کو تقسیم در تقسیم کے عمل سے گزاررہا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کراچی میں ایک پروقار تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل آئین و قانون کی بالادستی سے وابستہ ہے۔ جب قانون سب کے لئے برابر ہو گا تو ہر شخص کو امن اور اطمینان حاصل ہو گا۔
سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے اسلام آباد اور روالپنڈی میں منعقدہ تقاریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قوم کو یہ شعور دیا کہ اگر ترقی چاہتے ہو تو اس فرسودہ نظام سے جان چھڑا لو۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد اقتدار کے لئے نہیں بلکہ عوام کی خوشحالی، آئین و قانون کی بالادستی کے لئے ہے۔
میاں ریحان مقبول، ملک کرامت، قاضی شفیق، توقیر اعوان، قمر عباس دھول، افتخار قریشی ایڈووکیٹ، کے پی کے کے صدر عثمان ہاشم خان، پاکستان عوامی تحریک سندھ کے کوآرڈینیٹر سید ظفر علی شاہ، ہزارہ میں ڈاکٹر جہانگیر احمد عباسی، کامران سہیل ایڈووکیٹ، بلوچستان میں محمد اسماعیل نور زئی، آزاد جموں کشمیر میں سردار منصور احمد خان نے 35 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ مختلف تقاریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک ایک نظریاتی جماعت ہے، نظام کو بدلنے کے لئے پرامن جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ عوامی مفاد کا تحفظ نہیں کررہی۔ کسان، مزدور، چھوٹے گریڈ کے سرکاری ملازم سب پریشان ہیں۔ یہ نظام اشرافیہ کے مفادات کا محافظ ہے اس سے جان چھڑانے کے لئے پوری قوم کو ہم آواز ہونا ہو گا۔
مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ تقریب میں نائب صدر راجہ زاہد محمود، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، عارف چودھری، سردار عمر دراز خان، ثاقب بھٹی، مخدوم گلزارحسین شاہ سمیت راہ نماؤں نے شرکت کی۔ راہ نماؤں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے اپنے قیام سے لیکر آج کے دن تک نظام کی تبدیلی، عوامی شعور کی بیداری، انسانی حقوق کے تحفظ، معاشی اور سیاسی بحرانوں کے حل اور رفاہ عامہ کے لئے آواز بلند کی ہے۔
تبصرہ