ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلشنز سہیل احمد رضا کی سربراہی میں شرائنز کمیٹی کا اجلاس
انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج یونیورسٹی لاہور و منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا کی سربراہی میں متروکہ وقف املاک بورڈ (ETPB) کی شرائنز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان میں موجود تمام ہندو برادری کے مندروں کی دیکھ بھال مرمت اور تعمیر کے حوالہ سے تجاویز پر غور کیا گیا۔ اسی طرح سکھ برادری کی عبادت گاہوں گورداروں کی تزئین و آرائیش اور مرمت کیلئے مؤثر لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دیگر ممالک سے آنے والے ہندؤوں اور سکھوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تفصیلی طور پر جائزہ لیا گیا۔
ہندو کمیونٹی کی تاریخی عبادت گاہ کٹاس راج مندر چکوال، سادھو بیلا مندر سکھر، کرشنا مندر راولپنڈی، شری کرشنا مندر لاہور، پرلاد پوری مندر ملتان اور ہنگلاج مندر بلوچستان کی مرمت کیلئے خطیر رقم کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال، گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور، گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب، گوردوارہ دربار صاحب کرتار پور، گوردوارہ سچا سودا کی دیکھ بھال اور آنے والے مہمانوں کیلئے تمام سہولیات فراہم کرنے کے کام کیلئے بجٹ کی منظوری دی گئی۔
کمیٹی کے سربراہ سہیل احمد رضا نے کہا کہ وطنِ عزیز اسلامی جمہوریہ پاکستان میں تمام مذہبی اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی ہے اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی مذہبی اقلیتوں کے جان مال اور مذہبی عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ ہم اپنا قومی اور مذہبی فرض سمجھ کر ان کی خدمت کرتے رہے ہیں۔ اجلاس میں دیگر ممبران کمیٹی پاکستان ہندو مندر مینیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین شری کرشن شرما، پاکستان ہندو کونسل کے سینئر ممبر ڈاکٹر ہری لال بھاگیا، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے سینئر ممبر سردار بھگت سنگھ، گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب سے سردار کرپا سنگھ، پاکستان سکھ کمیونٹی کے سینئر ممبر سردار پرتاب سنگھ اور پیر آف مانکی نوشہرہ کے سجادہ نشین صاحبزادہ طیب امین ایڈووکیٹ نے شرکت کی۔
تبصرہ