صوبائی شناخت کے ساتھ قتل و غارت کرنے والے ریاست کے دشمن ہیں: قاضی شفیق
شمالی وزیرستان میں قتل کر دئیے جانے والے جنوبی پنجاب کے شہریوں کو انصاف دیا جائے
وزیراعلیٰ پنجاب متاثرہ خاندانوں کی مالی مدد کریں، صدر عوامی تحریک شمالی پنجاب
لاہور (3 جنوری 2024ء) پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 6 حجام کے قتل کی خبر تکلیف دہ اور لمحہ فکریہ ہے آخر کون لوگ پاکستانی شہریوں کو صوبائی شناخت دے کر قتل کررہے ہیں اور باہم لڑانا چاہتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ صوبائی حکومتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان کے خطے کے ہر شہری کو پاکستان میں کسی بھی جگہ سفر، کاروبار کرنے اور آباد ہونے کی آئینی گارنٹی حاصل ہے۔ جو دہشت گرد معصوم انسانوں کو بلاجواز قتل کر رہے ہیں وہ درحقیقت آئین پاکستان اور ریاست پاکستان کے وجود کی نفی کررہے ہیں۔ ایسے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں قتل کر دئیے جانے والے 6 حجام کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے اور اس دلخراش واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کے واقعہ میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مقتولین کی فیملیز کے ساتھ دلی تعزیت کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے درخواست ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے گھر جائیں اور ان مزدور خاندانوں کی مالی مدد کریں اور انہیں یقین دلائیں کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں ریاست آپ کے ساتھ ہے۔
تبصرہ