عوامی تحریک آئندہ انتخابات میں ملک بھر سے کامیابیاں حاصل کرے گی: قاضی زاہد حسین
ملک کو حقیقی جمہوریت کے ٹریک پر لانے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں
گے
تنظیم سازی کے عمل کے ساتھ ساتھ عوامی رابطہ مہم میں بھی تیزی لائی جائے
مرکزی صدر کی عہدیداران و کارکنان سے ملاقات، انتخابات کے حوالے سے تجاویز اور آراء
کو سنا
لاہور (21 دسمبر 2023) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین سے مختلف اضلاع کے پارٹی عہدیداران و کارکنان نے ملاقات کی۔ قاضی زاہد حسین نے سیاسی لائحہ عمل اور انتخابات کے حوالے سے عہدیداران و کارکنان کی تجاویز اور آراء کو سنا۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر نے کارکنان کو ہدایت کی کہ عوامی تحریک کا پیغام گھر گھر پہنچائیں، پاکستان عوامی تحریک آئندہ عام انتخابات مین ملک بھر سے کامیابیاں حاصل کرے گی۔ پاکستان عوامی تحریک کا منشور عوام کے بنیادی مسائل کا حل اور معیار زندگی بلند کرنا ہے جس کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک محروم اور پسے ہوئے طبقات کی فلاح و بہبود اور بہتری کیلئے میدان عمل میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی تنظیم سازی کے عمل کے ساتھ ساتھ عوامی رابطہ مہم میں بھی تیزی لائی جائے۔ پورے ملک میں پارٹی کو تحصیل اور وارڈز کی سطح تک مضبوط اور فعال کریں گے۔آئندہ عام انتخابات میں پوری سیاسی قوت کے ساتھ حصہ لیں گے، کارکنان انتخابات کی تیاریاں کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکن پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں انہی کی بدولت انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے۔
قاضی زاہد حسین نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے ظلم و استحصال پر مبنی نظام بدلنے کیلئے بے مثال جدوجہد کی ہے۔ عوامی تحریک ایک نظریاتی جماعت ہے ملک کو حقیقی جمہوریت کے ٹریک پر لانے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی رکنیت سازی مہم،تنظیم سازی مہم اور عوامی رابطہ مہم میں بھی مزید تیزی لائی جائے گی۔ ہر حلقے میں امیدوار کھڑے کریں گے۔
تبصرہ