منہاج القرآن و عوامی تحریک کے وفد کی شہداء 6 ستمبر کے مزارات پر حاضری
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے شہداء کے مزارات پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں
دفاع وطن کے لئے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
وفد میں سہیل رضا، الطاف رندھاوا، ثاقب بھٹی، شفاقت مغل، میاں طاہر یعقوب و دیگر رہنما شامل تھے
لاہور (6 ستمبر 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں پاکستان عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن، انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل اور عوامی تاجر اتحاد پاکستان کے رہنماؤں پر مشتمل وفد نے 6 ستمبر کے شہداء کے مزارات و یاد گار شہداء پر حاضری دی۔ بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے شہداء کے مزارات پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔ وفد نے میانی صاحب لاہور میں میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، ملکی سلامتی و خوشحالی کے لئے دعا کی۔
رہنماؤں نے مناواں، جلو اور باٹا موڑ پر بھی شہداء کی یادگار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہیدوں کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ وفد میں انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا، صدر عوامی تحریک لاہور ثاقب بھٹی، کوارڈینیٹر عوامی تاجر اتحاد الطاف حسین رندھاواں، میاں طاہر یعقوب، شفاقت مغل، نوید بٹ، رانا منظور احمد خان، محبوب عالم،انجینئر محمد عمر،محمد اکرم، اسلم پڈانہ، رفاقت مغل سمیت تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک لاہور کے ضلعی، پی پی عہدیداران شامل تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ہم اپنے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ دفاع وطن کے لئے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہیدوں کی قربانیوں کی بدولت ہم اپنے آزاد ملک کی فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔ جو قومیں اپنے ہیروز اور شہدا کو یاد رکھتی ہیں اور ان کی قربانیوں کی قدر کرتی ہیں ان قوموں کا جذبہ حب الوطنی اور جذبہ ایثار ہمیشہ توانا رہتا ہے۔ دنیا کی کوئی طاقت ایسی اقوام کی آزادی کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو داخلی اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔ جب بات ملک کی سلامتی اور ساکھ کی ہو تو پھر فروعی اختلافات کو پس پشت ڈال دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی، انصاف کے بول بالا اور قومی یکجہتی کی اقدار کو مستحکم بنا کر تمام بحرانوں پر قابو پایا جاسکتا ہے اور وطن عزیز کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا یا جاسکتا ہے۔
تبصرہ