صاحبزادہ حامد رضا کو قتل کی دھمکیوں کا نوٹس لیا جائے: خرم نواز گنڈاپور
محب وطن شہریوں کو قتل کی دھمکیاں لمحہ فکریہ ہے، سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
پاکستان کو ایک سازش کے تحت خانہ جنگی کی طرف دھکیلا جارہا ہے
لاہور (22 جون 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کو قتل کی دھمکیوں کا نوٹس لیا جائے، محب وطن شہریوں کو قتل کی دھمکیاں لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ آئین پاکستان نے ہر شہری کو اُس کے جان و مال کے تحفظ کی گارنٹی دی ہے اور اگر حکومت آئین کی طرف سے دی گئیں یہ گارنٹیاں ماننے سے انکاری ہے تو اِس پر عدلیہ کو سخت نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ ایک اہم ترین وزارت ہے۔ داخلی، سلامتی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ اس وزارت کی بنیادی ذمہ داری ہے مگر افسوس کہ قتل کی ہر دھمکی اسی وزارت کی طرف سے آرہی ہے۔ وزیر داخلہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے 14 قتلوں کی ایف آئی آر کے بھی نامزد ملزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صاحبزادہ حامد رضا کے ویڈیو بیان میں الزام لگایا گیا ہے کہ وزیر داخلہ انہیں قتل کروانے کی سازش کررہے ہیں۔ اسی طرح سابق وزیراعظم کو بھی قتل کئے جانے کی ایک سازش گردش کرتی رہی ہے۔ ایک آزاد اور خودمختار ملک میں شہریوں کو اس طرح قتل کی دھمکیاں ملنا ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مخالف سیاسی رہنماؤں پر تشدد ہو رہے ہیں۔ روڈ ایکسیڈنٹ ہو رہے ہیں۔ ملک میں انارکی روز بروز بڑھ رہی ہے۔ عوام خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں۔ چادر اور چار دیواری کا تقدس بھی بری طرح پامال ہو رہا ہے۔ بنیادی انسانی حقوق پامال ہورہے ہیں۔ ہم چیف جسٹس آف پاکستان سے استدعا کرتے ہیں کہ وہ پاکستان کے ممتاز شہریوں کو ملنے والی قتل کی دھمکیوں پر سوموٹو ایکشن لے اور ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت پاکستان کو انارکی اور خانہ جنگی کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔
صاحبزادہ حامدرضا کو قتل کی دھمکیوں کا نوٹس لیا جائے، محب وطن شہریوں کو قتل کی دھمکیاں لمحہ فکریہ ہے، پاکستان کو ایک سازش کے تحت خانہ جنگی کی طرف دھکیلا جارہا ہے: خرم نواز گنڈاپور سیکرٹری جنرل @GandapurPAT @_SahibzadaHamid pic.twitter.com/wKF2s810b9
— PAT (@PATofficialPK) June 22, 2022
تبصرہ