عوامی مسائل کا ذمہ دار یہ ظالمانہ نظام انتخاب ہے: خرم نواز گنڈاپور
موجودہ نظام کا فیل ہونا ڈاکٹر طاہرالقادری کے بیانیہ کی توثیق ہے: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
اب بھی وقت ہے اس نظام سے جان چھڑا لی جائے: ورکرز کنونشن سے خطاب
خرم نواز گنڈاپور کی عبداللہ دلبر اور عبداللہ اشتیاق شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا
لاہور (7 جون 2022) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ نظام فیل ہونے کی بات سب کر رہے ہیں یہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے بیانیہ کی توثیق ہے۔ عوامی مسائل کا ذمہ دار یہ ظالمانہ نظام انتخاب ہے۔ ملک اور عوام کو مسائل و مشکلات سے نکالنے کیلئے پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد جاری ہے۔ پاکستان عوامی تحریک ملک میں حقیقی جمہوریت کیلئے کوششیں کر رہی ہے۔ اس عوام دشمن نظام میں سو الیکشن بھی ہو جائیں تو حالات کبھی نہیں بدلیں گے۔ اس نظام کی سیاست کا بھیانک چہرہ عوام کے سامنے ہے۔ اس نظام نے نفرت، ظلم، زیادتی، نا انصافی اور مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ آج تمام سیاسی جماعتیں اس نظام کو فرسودہ اور فیل قرار دے کر تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے بیانیہ کی توثیق کر رہی ہیں، اب بھی وقت ہے اس نظام سے جان چھڑا لی جائے، عوامی تحریک کی جدوجہد آئین، قانون اور انصاف کی بالادستی کے لئے ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں پاکستان عوامی تحریک کے 33ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکرز کنونشن میں پاکستان عوامی لائرز موومنٹ کی تقریب حلف برداری بھی ہوئی۔ محمد یٰسین بھٹی ایڈووکیٹ صدر، خالد رفیق سندھو ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری، زوبیہ سلیم انصاری ایڈووکیٹ نائب صدر، عدیل چیمہ ایڈووکیٹ نائب صدر، فرید اختر ایڈووکیٹ نائب صدر، غلام عباس ایڈووکیٹ نائب صدر، شیخ اسرار احمد ایڈووکیٹ نائب صدر، شاہدہ پروین ایڈووکیٹ، نسیم انصاری ایڈووکیٹ جوائنٹ سیکرٹری، رانا وقاص تصور ایڈووکیٹ پریس سیکرٹری اور مرزا عمران بشیر ایڈووکیٹ فنانس سیکرٹری کے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ تقریب میں صدر سنٹرل پنجاب میاں ریحان مقبول، صدر ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد بلال اشرف بسراء ایڈووکیٹ، میاں محمد کاشف، میاں عبدالقادر اور پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی، ضلعی اور پی پی کارکنان نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے ورکرز نے اس نظام کے خاتمہ کیلئے جانی و مالی قربانیاں دیں اور سٹیٹس کو کی حامی قوتوں کا ظلم برداشت کیا آج بھی ہم اپنے شہید کارکنان کے انصاف کے لیے قانونی جدوجہد کر رہے ہیں ان شاء اللہ ظالم اور قاتل اپنے انجام کو ضرور پہنچیں گے۔
دریں اثناء سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے عبداللہ دلبر اور عبداللہ اشتیاق کے گھروں میں گئے اور مرحومین کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ عبداللہ دلبر حسین شہید پاکستان عوامی تحریک فیصل آباد کے رہنما دلبر حسین اور فرحت دلبر حسین کے بیٹے تھے۔
تبصرہ