خود کو عقل کل سمجھنے والا لیڈر کبھی منزل تک نہیں پہنچتا: خرم نواز گنڈاپور
حضور نبی اکرم ﷺ کائنات کے سب سے بڑے سیاسی لیڈر ہیں، لاہور ڈویثرن کے عہدیداروں سے ملاقات
لاہور (4 جون2022) پاکستان عوامی تحریک لاہور ڈویثرن کے تنظیمی عہدیداروں کی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات، وفد میں قصور کے عہدیداران شریک تھے۔ خرم نواز گنڈاپور نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سیاست میں حب الوطنی اور حکمت عملی انتہائی ضروری ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ سے بڑا کوئی سیاسی لیڈر نہیں ہے۔ آپ ﷺ نے دیگر مذاہب و اقوام کے ساتھ انتہائی تدبر اور حوصلے سے سیاسی معاہدات کئے، سیاست میں مشاورت کے عمل کی بڑی اہمیت ہوتی ہے جو لیڈر خود کو عقل کل سمجھتا ہے وہ کبھی منزل پر نہیں پہنچ سکتا۔ مشاورت کا جو نظام اور کلچر پاکستان عوامی تحریک میں ہے کسی اور جماعت میں نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج مہنگائی، بے حسی اور لاقانونیت کا ہم سب رونا رو رہے ہیں مگر جب کسی قوم کا اجتماعی کردار پستی میں گرتا ہے تو پھر اللہ کی طرف سے گرفت بھی اجتماعی ہوتی ہے۔ بدترین حکمران بھی عوام کی بد اعمالیوں کی وجہ سے مسلط ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے امر بالمعروف ونہی عن المنکر فریضہ جب سے ترک کیا ہے ذلت و رسوائی میں دھنس گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا سب سے بڑی نیکی اور جہاد ہے۔
اس موقع پر نائب صدر پاکستان عوامی تحریک راجہ زاہد محمود، عارف چوہدری، اقبال ساجد، محمد حفیظ، چوہدری جمیل احمد، چوہدری شبیر احمد، ملک ساجد حسین، مدثر علی قادری، حافظ ولی محمد، محمد طیب و دیگر بھی موجود تھے۔
تبصرہ