سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوم 7 سال سے انصاف کے منتظر ہیں: خرم نواز گنڈاپور
معزز عدلیہ سے درخواست ہے کہ وہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دے: سیکرٹری جنرل
مظلوم انصاف کے لئے سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے درمیان شٹل کاک بنے ہوئے ہیں
لاہور (14 مئی 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ گزرے ہوئے 7 سالوں میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی غیر جانبدارانہ تفتیش کا واحد قانونی مطالبہ تاحال پورا نہیں ہوا اور مظلوم آج بھی انصاف کے لئے دربدر ہیں۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء آج بھی غیر جانبدار تفتیش کے لئے سپریم کورٹ سے لاہور ہائیکورٹ کے درمیان شٹل کاک بنے ہوئے ہیں۔ ہماری آج بھی معزز عدلیہ کے معزز ججز سے استدعا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دیا جائے۔ ہم پاکستان کے نامور وکلاء کے پینل کے ذریعے انصاف کے لئے قانونی چارہ جوئی کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے لارجر بنچ نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے براہ راست کمٹمنٹ لی تھی کہ احتجاج کی بجائے انصاف کے لئے عدلیہ کے فلور پر قانونی چارہ جوئی کریں۔ ہم اپنے اس وعدے پر قائم ہیں اور سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کی یقین دہانی کے مطابق انصاف کی فراہمی کے وعدے پر عملدرآمد ہونے کے منتظر ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شریف برادران کے دور حکومت میں انصاف کی توقع نہیں تھی مگر بعد کے دور میں بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کے نظام کے خاتمے کے لئے انصاف کا نظام قائم کرنا ہو گا۔
تبصرہ