عوامی تحریک کا پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان
عوامی رابطہ مہم اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کی
جائیں: اجلاس میں فیصلہ
عوامی تحریک اپنے جھنڈے، انتخابی منشور اور نشان کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے گی
عوامی تحریک کی جدوجہد کرپٹ نظام کی تبدیلی اور غریب عوام کے حقوق کیلئے ہے : خرم
نواز گنڈاپور
لاہور (17 اپریل 2022) پاکستان عوامی تحریک کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کی۔ اجلاس میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی، صوبائی، ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے 17 اضلاع اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور سیاسی قوت کے ساتھ حصہ لے گی۔ پارٹی کارکن اور عہدیدار عوامی رابطہ مہم شروع کریں۔ انتخابی فہرستوں کے حوالے سے جانچ پڑتال کریں۔ جہاں بھی کوئی کمی بیشی یا مسئلہ درپیش ہو بلدیاتی انتخابات سے قبل اسے درست کروائیں۔
پارٹی عہدیداران اور کارکنوں کو ہدایات دیتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کی جائیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران اور کارکنان عوامی رابطہ مہم کو فوری اور زور و شور سے شروع کریں تاکہ پاکستان عوامی تحریک کا پیغام ہر گھر تک پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت نے عوام کے مسائل کے حل کیلئے کچھ نہیں کیا۔ پاکستان عوامی تحریک کا منشور ہی عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنا ہے۔
اجلاس میں نائب صدرراجہ زاہد محمود، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، میاں ریحان مقبول، عارف چوہدری، قاضی شفیق، ڈاکٹر سلطان محمود چودھری، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، میاں کاشف، عائشہ مبشر، ارشاد اقبال نے شرکت کی۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے 17 اضلاع میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات میں ضلعی چیئرمین، میٹرو پولیٹن میئر، نیبر ہڈکونسلز اور ویلج کونسلز کیلئے انتخابات میں حصہ لے گی۔ پاکستان عوامی تحریک نے بلدیاتی انتخابات کیلئے رابطہ کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام حلقوں میں قابل، ایماندار اور اہل امیدوار کھڑے کئے جائیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک نے 50 فی صد سے زائد امیدواروں پر حتمی مشاورت بھی مکمل کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اپنے انتخابی منشور کے ساتھ حصہ لے گی۔
انہوں نے کہاکہ ملک پر چوروں، جاگیرداروں، لٹیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں نے اجارہ داری قائم کر رکھی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد کرپٹ نظام کی تبدیلی اور غریب عوام کے حقوق کیلئے ہے۔ پاکستان عوامی تحریک آئندہ نسلوں کو پر امن، خوشحال، ترقی یافتہ اور دہشتگردی سے پاک پاکستان دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان، عہدیداران اور بلدیاتی امیدوارامید، خوشی، روشنی اور فرسودہ نظام کی تبدیلی کا پیغام لے کر نکلیں۔
تبصرہ