تجربہ کار پارلیمنٹرینز نے ملک کو اکھاڑا بنا دیا: خرم نواز گنڈاپور
نام نہاد جمہوری جماعتیں ملک کو تصادم اور انارکی کی طرف دھکیل رہی ہیں
جو نظام آئین اور اسمبلیوں کی حفاظت نہ کر سکے اس کا گر جانا بہتر ہے
سیاسی انارکی کے باعث مہنگائی مافیا روزہ داروں کو لوٹ رہا ہے
پہلے صفائی کی ضرورت تھی اب بھل صفائی ناگزیر ہو گئی: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (7 اپریل 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ نام نہاد جمہوری جماعتیں ملک کو تصادم اور انارکی کی طرف دھکیل رہی ہیں، تجربہ کارپارلیمنٹرینز نے ملک کو اکھاڑا بنا دیا، جو نظام آئین اور اسمبلیوں کی حفاظت نہ کر سکے اس کا گر جانا بہتر ہے، سیاسی انارکی کے باعث مہنگائی مافیا روزہ داروں کو لوٹ رہا ہے، اس کی کسی کو پروا نہیں ہے۔ پہلے صفائی کی ضرورت تھی اب بھل صفائی ناگزیر ہو گئی۔ قانون بنانے والے اراکین اسمبلی کی آخر کوئی تو اخلاقیات ہونے چاہئیں۔ جو نظام آئین کی حفاظت نہ کر سکے اس کا گر جانا ہی بہترہے۔ منتخب نمائندوں نے ہی منتخب ایوانوں کو زنجیریں پہنا دیں۔ فوری انتخابات سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ اب ضروری ہو گیا ہے کہ جن سیاستدانوں پر لوٹ مار اور کرپشن کے ریفرنسز ہیں پہلے ان ریفرنسز پر فیصلے آنے چاہئیں اس کے بعد ہر امیدوار کو آئین کے آرٹیکل 62, 63کی چھاننی سے گزارا جائے۔ بدعنوان، وفا فروش امیدواروں کا اسمبلیوں میں داخلہ بند نہ ہوا تو ملک کسی بڑے سانحے سے دو چار ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر بحث ہے۔ وہی اس پر رائے دے گی۔ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والی اپوزیشن کو جیسے ہی موقع ملا اس نے دوسری جماعتوں کے نشانوں پر منتخب ہونے والے اراکین اسمبلی کی بولیاں لگانا شروع کر دیں۔ سیاسی جماعتوں نے حالیہ چند دنوں میں ثابت کیا ہے کہ انہیں ملک اور عوام سے زیادہ اپنے ذاتی اور گروہی مفادات عزیز ہیں۔
تبصرہ