عوامی تحریک لاہور، پی پی کے حلقہ جات کی تنظیمات مکمل، حلف برداری کی تقریب
سیاست خدمت خلق کا نام اور عبادت ہے: مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود
کرپٹ نظام کے محافظ جس طرح ملکی اقدار کا سودہ کررہے ہیں انتہائی شرمناک ہے: عارف چودھری
موجودہ نظام نے بحرانوں کے تحفے دئیے یہ نظام عوام کی خوشیوں کا قاتل ہے: ڈاکٹر سلطان محمودچودھری
تقریب میں چوہدری افضل گجر، سید گلزار حسین شاہ، حافظ غلام فرید، ثاقب بھٹی، انجینئر شفاقت مغل کی شرکت
لاہور (2 اپریل 2022ء) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیر اہتمام لاہور زون اور پی پی کی تنظیمات کی تکمیل پر تقریب حلف برداری ہوئی۔ حلف برداری کی تقریب میں مرکزی نائب صدر پاکستان عوامی تحریک راجہ زاہد محمود، مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چوہدری، نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے راجہ زاہد محمود نے کہا کہ سیاست خدمت خلق اور عبادت کا نام ہے جو لوگ خلوص نیت کے ساتھ انسانیت کی مدد کرتے ہیں قیامت کے روز بے اندازہ اجر و ثواب سے نوازے جائیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد اس عوام دشمن فرسودہ نظام کے خاتمے کے لئے ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان عوامی تحریک لاہور ڈاکٹر سلطان محمود چودھری نے کہا کہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویژن اور فکر کی روشنی میں استحصالی نظام کے خاتمے کے لئے جدوجہد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام نے بحرانوں کے تحفے دیئے یہ نظام عوام کی خوشیوں کا قاتل ہے۔ اسے بدلنا ضروری ہے۔
مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس محب وطن پڑھے لکھے نوجوان موجودہ سیاسی صورتحال سے سخت رنجیدہ ہیں۔ کرپٹ نظام کا مکررہ چہرہ ایک بار پھر عوام کے سامنے آچکا ہے۔ پاکستان کی کسی کو فکر نہیں سب ایک دوسرے کی گردن مارنے پر تلے ہوئے ہیں۔ کرپٹ نظام کے محافظ جس طرح ملکی اقدار کا سودہ کررہے ہیں انتہائی شرمناک ہے۔
تقریب حلف برداری میں پاکستان عوامی تحریک لاہور کے پی پی اور یوسی حلقہ جات کے صدور اور جنرل سیکرٹریز شریک ہوئے اور نو منتخب عہدیدارن نے حلف اٹھایا۔ اس موقع پر چوہدری افضل گجر، سید گلزار حسین شاہ، حافظ غلام فرید، ثاقب بھٹی، راجہ ندیم، انجینئر شفاقت مغل، سردار عارف اور عباس خان سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
تبصرہ