نام نہاد جمہوری قوتیں سٹرکوں پر تماشہ کرکے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہیں: خرم نواز گنڈاپور
پاکستان کی کسی کو فکر نہیں سب ایک دوسرے کی گردن مارنے پر تلے ہوئے ہیں
جس ملک میں خانہ جنگی کی سی کیفیت ہو وہاں بیرونی سرمایہ کاری کیسے آسکتی ہے
محب وطن پڑھے لکھے عوام موجودہ سیاسی صورتحال سے سخت رنجیدہ ہیں: سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک
لاہور (27 مارچ 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ تمام نام نہاد پارلیمانی جمہوری قوتیں سٹرکوں پر تماشہ کرکے پاکستان کے امن اور بین الاقوامی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔ پارلیمنٹ کے ہوتے ہوئے سٹرکوں پر تماشہ کیوں ہو رہا ہے؟ اپوزیشن کے پاس عدم اعتماد کے لئے مطلوبہ نمبرز موجود ہیں تو وہ پاکستان پر حملہ آور کیوں ہے؟۔ حکومت کی طرف سے بھی جلسے جلوس غیرذمہ دارانہ اور غیر ضروری ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ اس وقت خطے میں بین الاقوامی سطح پر حالات انتہائی سنگین ہیں۔ پاکستان کے اندر ایک سوچی سازش کے تحت خانہ جنگی کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صورتحال کو نارمل کرنے والی کوئی آواز سنائی نہیں دے رہی اورکوئی سوچ نظر نہیں آرہی۔ اگر اسی طرح دھینگا مشتی ہوتی رہی تو کوئی بڑا حادثہ بھی رونما ہوسکتا ہے۔ ضمیروں کی خروید و فروخت ہو یا آئین کی تشریح اور ادارے لا تعلق اور بے بس نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کا مکرہ چہرہ ایک بار پھر قوم کے سامنے آچکا ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان کی کسی کو فکر نہیں سب ایک دوسرے کی گردن مارنے پر تلے ہوئے ہیں۔ جس ملک میں خانہ جنگی کی سی کیفیت ہو وہاں بیرونی سرمایہ کاری کیسے آسکتی ہے۔ حالات کو خراب کرکے پاکستان کو بند گلی کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔ محب وطن پڑھے لکھے عوام موجودہ سیاسی صورتحال سے سخت رنجیدہ ہیں۔ وہی عوام دشمن نظام وہی چہرے وہی بولیاں اپنی کرپٹ شکل کے ساتھ پھر قوم کے سامنے آگئے ہیں۔ کرپٹ نظام کے محافظ جس طرح ملکی اقدار کا سودا کررہے ہیں انتہائی شرم ناک ہے۔
تبصرہ