ترقیاتی کاموں کا اعلان پری پول دھاندلی ہے: قاضی زاہد حسین
بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کے اعلان کا الیکشن کمیشن نوٹس لے
حکومتی شخصیات کو ترقیاتی منصوبوں کو انتخابی مہم کے طور پر استعمال کرنے سے روکنا ہو گا
انتخابی مہم کے دوران ترقیاتی کام political conflict of interest ہیں
لاہور (20 جنوری 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کی تاریخ اور پنجاب میں ترقیاتی کام کروانے کاایک ساتھ اعلان پری پول دھاندلی کا آغاز ہے۔ یہ political conflict of interest ہے۔ الیکشن کمیشن کو اس پر نوٹس لینا چاہیے۔ حکومت کو بنے 3 سال سے زائد کا عرصہ گزر گیا ترقیاتی کاموں کا درد اب کیوں اٹھا؟ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی انتخابات کی آمد پر قومی خزانے کا ترقیاتی منصوبوں کی آڑ میں سیاسی استعمال کیا جاتا تھا۔ آج بھی وہی روش اختیار کی جارہی ہے جو ماضی میں ہوتا رہا وہی آج ہو رہا ہے۔ تبدیلی کہاں ہے؟۔ شیڈول آنے کے بعد کسی وزیر، ایم این اے یا ایم پی اے کو ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہتے کہ ترقیاتی عمل کو روک دیا جائے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ کسی حکومتی شخصیت کو ترقیاتی منصوبوں کی اجازت نہیں ہونی چاہیے اور نہ ہی ترقیاتی منصوبوں کی تشہیر کو انتخابی مہم کے ٹول کے طور پر استعمال ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کی تاریخ آنے کے بعد ترقیاتی منصوبوں کے اجراء کے معاملہ پر الیکشن کمیشن سے بھی رجوع کریں گے۔
تبصرہ