سانحہ مری کی انتظامی نہیں عدالتی انکوائری ہونی چاہیے: قاضی شفیق
موسم کی صورت حال کے پیش نظر انتظامیہ کا ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کیلئے تیار رہنا ضروری تھا
مری سانحہ سے پاکستان کے سیاحتی پیکیج کو نقصان پہنچا: صدر عوامی تحریک شمالی پنجاب
لاہور (14 جنوری 2022ء) پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے این ڈی ایم اے کو سانحہ مری کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ اس سانحہ کی انتظامی نہیں عدالتی انکوائری ہونی چاہیے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے روح فرسا سانحات سے بچا جا سکے۔ خراب موسم کے خطرات سے بروقت آگاہی دینا حکومت اداروں کی ذمہ داری تھی۔ مری میں پیش آنے والے دلخراش واقعات اور بدانتظامی کی وجہ سے پاکستان کا سیاحتی تشخص مجروح ہوا۔ برف باری میں پھنسے سیاح اپنے عزیز و اقارب سے فون کال، وٹس ایپ اور فیس بک پر مدد کی اپیل کرتے رہے کہ کسی بھی طرح حکومت تک ہمارا پیغام پہنچایا جائے اور ہماری مدد کی جائے لیکن صد افسوس حکومتی مشینری تب حرکت میں آئی جب ننھے معصوم بچے اور مرد و خواتین جان کی بازی ہار چکے تھے۔ موسم کی صورت حال کے پیش نظر انتظامیہ کا ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا ضروری تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ مری میں افواج پاکستان کا کردار قابل تحسین تھا۔ دکھی انسانیت کی مدد کے ہر موقع پر افواج پاکستان کے جوان مدد کو پہنچتے ہیں۔
تبصرہ