سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائنڈ شریف برداران ہیں: بشارت جسپال
7سال گزر جانے کے بعد بھی مظلوموں کو غیر جانبدار تفتیش کا حق نہیں ملا: مرکزی نائب صدر
لاہور (11 جنوری 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر مرکزی نائب صدر بشارت عزیز جسپال نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے قاتل اعلیٰ پنجاب کو ان کا سانحہ ماڈل ٹاؤن والا جرم یاد کروایا ہے جس کا قاتل ٹولے کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائنڈ شریف برادران ہیں جس کے سارے ثبوت تمام قانونی فورمز کو مہیا کر چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ شہباز شریف سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کے بعد 4 سال تک وزیراعلیٰ پنجاب رہے مگر انہوں نے غیر جانبدار تفتیش نہیں ہونے دی جو انسانیت کے قتل کے بعد انصاف کا قتل عام ہے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوم آج بھی غیر جانبدار تفتیش کا حق مانگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن معاشروں میں انصاف نہیں ہوتا وہ مردہ معاشرے ہوتے ہیں۔ انصاف کے بغیر کوئی ملک اور معاشرہ اپنا باعزت وجود برقرار نہیں رکھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نظام انصاف کا یہ بھی ایک المیہ ہے کہ جس جرم کے پیچھے طاقتور ہوتا ہے اس کیس میں غریبوں اور مظلوموں کو صرف تاریخیں ملتی ہیں۔ آخر کیا وجہ ہے کہ دو سال سے سپریم کورٹ کے حکم پر ہونے والی تفتیش پر سٹے آرڈر چل رہا ہے اور کیس کا فیصلہ نہیں ہو رہا؟۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دلوانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے اور قاتلوں کے چہروں سے شرافت کے پردے ہٹائے۔
تبصرہ