تاجروں کے لئے ٹیکس کا آسان نظام وضع کیا جائے: الطاف حسین رندھاوا
ٹیکس چوری کے کلچر کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کرنا ہوگی: صدر
عوامی تاجر اتحاد
کاروبار میں آسانیوں کا دائرہ وسیع کرنے کی ضرورت ہے: تاجروں کے وفد سے ملاقات میں
گفتگو
لاہور (5 جنوری 2022) عوامی تاجر اتحاد کے مرکزی صدر الطاف حسین رندھاوا نے کہا ہے کہ پاکستان میں جس کی جتنی طاقت ہے وہ اتنا ٹیکس چھپاتا ہے۔ منصب، اختیارات اور ٹیکس وصول کرنے والے اداروں کی کمزوری نے نظام کو ناکارہ بنا دیا ہے۔ ٹیکس کا نظام اسی صورت بہتر ہوسکتا ہے جب ہمارے رہنما قوم کے لئے بہتر مثال بنیں گے۔ ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ ٹیکس اداکرنا ہوگا۔ ٹیکس چوری کے کلچر کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔ ٹیکس چوری میں ملوث بااثر شخصیات اور ان کے معاون بننے والوں کو قانون کے شکنجے میں لاکر ایسی سزائیں دی جائیں کہ آئندہ کوئی ٹیکس چوری کرنے کی کوشش نہ کرے۔ ٹیکس کے نظام کو آسان بنایا جائے اور دوہرے ٹیکسوں کا خاتمہ کیا جائے۔ صنعتکاروں اور تاجروں کے لئے ٹیکس کا آسان نظام وضع کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجررہنماؤں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل راشد چوہدری، ثاقب بھٹی، نوید بٹ و دیگر موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی میں ٹیکس کے فعال اور موثر نظام کا بڑا دخل ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشی استحکام کے لیے تاجروں کو تحفظ دینا ہوگا اور ان کے مسائل حل کرنا ہوگے۔ تاجر برادری معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ کاروبار میں آسانیوں کا دائرہ وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔ بجلی، پٹرول اور گیس مہنگی ہونے سے صنعت اور تجارت پر منفی اثرات پڑتے ہیں۔ تاجر برادری کے مسائل حل ہوں گے تو پاکستان ترقی کرے گا۔
تبصرہ