غیر جانبدار میڈیا عوام اور جمہوریت کی مضبوط آواز ہے: نوراللہ صدیقی
مریم نواز اور پرویز رشید کی نئی آڈیو افسوسناک اور ہتک آمیز ہے
مریم نواز میڈیا کو ن لیگ کا ونگ بنانا چاہتی ہے: سیکرٹری اطلاعات عوامی تحریک
نواز اور مریم کی بولی نہ بولنے والے تجزیہ نگاروں کی توہین کی گئی
لاہور (4 جنوری 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا ہے کہ مریم نواز اور پرویز رشید کی مبینہ آڈیو لیک سے پتہ چلتا ہے ن لیگ اپنی فاشسٹ سیاست کو پروان چڑھانے اور سیاہ کارناموں پر پردہ ڈالنے کے لیے پاکستان میں میڈیا کو کنٹرول میں رکھنا چاہتی ہے اور سینئر اینکرز، تجزیہ نگاروں اور کالم نویسوں کے حوالے سے ان کا لب و لہجہ انتہائی توہین اور ہتک آمیز ہے۔ مریم نے اپنی ہر آڈیو میں یہ تاثر دیا کہ بڑے بڑے میڈیا ہاؤسز اس کے تابع فرمان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مبینہ آڈیو لیک میں جن تجزیہ نگاروں کے بارے میں توہین آمیز الفاظ استعمال کئے گئے ہیں ان پر خود مریم نواز بھی جانبداری کا الزام نہیں لگا سکی، ان پر صرف یہ الزام ہے کہ وہ نواز شریف کی بولی نہیں بولتے۔ غیر جانبدار صحافی، کالم نویس اور اینکرز پاکستان اور جمہوریت کی شان اور غریب عوام کی مضبوط آواز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے دور حکومت میں عدلیہ، سلامتی کے اداروں سمیت میڈیا کے خلاف کریک ڈاؤن ہوتا رہا اب یہ لوگ وہی کھیل اپوزیشن میں رہتے ہوئے بھی کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ ریاست کے چوتھے ستون میڈیا کو ن لیگ کا ایک ونگ بنا کر رکھنا چاہتی ہے اس پر صحافتی تنظیموں اور سینئر صحافیوں اور اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور ن لیگ سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کا آلہ کار بننے والے صحافیوں اور اینکروں کے خلاف ایکشن لینا چاہیے اور صحافت کے مقدس پیشے کو بچانے کے لئے علم جہاد بلند کرنا چاہیے۔ غیر جانبدار میڈیا مستحکم اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔
تبصرہ