سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے: نوراللہ صدیقی
کچھ عناصر آزادی اظہار کی آڑ میں قومی سلامتی سے کھیل رہے ہیں
نام نہاد یوٹیوبرز اخلاقیات کی دھجیاں اڑا رہے ہیں: مرکزی سیکرٹری اطلاعات عوامی تحریک
لاہور (یکم جنوری 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر سیاسی، مذہبی نفرت پھیلانے والے نام نہاد یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس کے خلاف حکومت سخت کارروائی کرے۔ آزادی اظہار کی آڑ میں انسانی اخلاقیات، اسلامی تعلیمات اور ملکی قوانین کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔ کچھ عناصر آزادی اظہار کی آڑ میں قومی سلامتی سے کھیل رہے ہیں اور اتحاد و یگانگت کی فضا کو نقصان پہنچارہے ہیں۔ ہتک عزت کے کمزور ملکی قوانین اور پیچیدہ نظام انصاف کے باعث شرپسند بے دھڑک پگڑیاں اچھالتے ہیں۔ سوشل میڈیا کے ذریعے بیرونی ممالک میں بیٹھ کرپاکستان کے خلاف زہر اگلنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے بین الاقوامی معاہدات ہونے چاہئیں اور اس ضمن میں اقوام متحدہ کو بھی قانون سازی کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کی سوشل میڈیا ورکنگ کونسل کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
نوراللہ صدیقی نے کہا کہ شائستگی ڈاکٹر طاہرالقادری کے ورکرز کی پہچان ہے۔ منہاج القرآن کے میڈیا ایکٹیوسٹس سوشل میڈیا پر شرپسندی پھیلانے والوں کو بے نقاب کریں اور ان کے شر سے سادہ لوح نوجوانوں کو بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کی مہمات میں اسلام اور نظریہ پاکستان کے تحفظ اور فروغ امن اور اتحاد امت کے جذبات کو فوقیت حاصل ہونی چاہیے۔ انہوں نے پی اے ٹی، منہاج یوتھ لیگ، منہاج القرآن ویمن لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سوشل میڈیا ورکنگ کونسل کے نئے ذمہ داران کو ان کے تقرر پر مبارکباد دی۔
تبصرہ