میٹرو پولیٹنز، ویلج کونسل اور نیبرہڈ کونسلز کے امیدواروں کیلئے مشاورت کر لی ہے: عوامی تحریک
پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں بلدیاتی کنونشنز منعقد کئے
جائیں گے: عارف چوہدری
عوامی تحریک کی سیاست عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے ہے:قاضی شفیق
بلدیاتی کنونشن میں سید راحت حسین کاظمی، توقیر اعوان، ملک طاہر، سید ابرار شاہ کی
شرکت
لاہور (30 دسمبر2021) پاکستان عوامی تحریک (شمالی پنجاب)کے زیراہتمام منعقدہ بلدیاتی کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ کنونشن میں سیکرٹری کوآرڈینیشن پاکستان عوامی تحریک عارف چوہدری، صدر شمالی پنجاب قاضی شفیق سمیت شمالی پنجاب کے عہدیداران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عارف چوہدری نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں میٹرو پولیٹنز، ویلج کونسل اور نیبرہڈ کونسلز کیلئے انتخابات میں حصہ لیں گے اور کامیابیاں بھی حاصل کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ جیسے ہی بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کا اعلان ہو گا پاکستان عوامی تحریک کی بھرپور تیاری اور کامیابیوں کا سب کو علم ہو جائے گا۔ پاکستان عوامی تحریک کی سیاست عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے ہے۔ عوامی تحریک نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے اور ہمیشہ یہی مطالبہ کیا ہے کہ عوام کے بنیادی مسائل کو حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ ایک ایسا مثالی بلدیاتی نظام لایا جائے جس سے عوام کے بنیادی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق کرپٹ حکمرانوں نے جس بے دردی سے ملکی وسائل کولوٹا اس کے چرچے پاکستان سمیت ملک ملک ہو رہے ہیں۔
صدر شمالی پنجاب قاضی شفیق نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاریاں شروع کر دی ہیں، پارٹی کو مزید فعال، متحرک اور مضبوط کرنے کیلئے پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں بلدیاتی کنونشنز منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے حکمت عملی مرتب کر لی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات میں ایک بڑی سیاسی جماعت کی حیثیت سے ابھر کر سامنے آئے گی۔ قاضی شفیق نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک کامطالبہ ہے کہ عوامی نمائندگان اور سرکاری ملازمین کو پابند کیا جائے کہ ان کے بچے بھی انہی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کریں جن میں غریب ووٹرز کے بچے پڑھتے ہیں۔ اسی طرح یہ پابندی بھی لگائی جائے ان کا اور ان کے خاندان کے افراد کا علاج سرکاری ہسپتالوں میں ہو گا۔ بلدیاتی کنونشن میں سید راحت حسین کاظمی، توقیر اعوان، ملک طاہر، سید ابرار شاہ، چوہدری احمد رضا، پروفیسر شاہد بشیر سمیت پاکستان عوامی تحریک کے دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
تبصرہ