ثبوتوں کے باوجود منی لانڈررز کو سزائیں کیوں نہیں مل رہیں؟: خرم نواز گنڈاپور
راشن پروگرام اچھی بات مگر مصنوعی مہنگائی کو بھی روکا جائے
یہ نظام کرپشن کا محافظ اور انصاف کا قاتل ہے: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (17 دسمبر 2021) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ حکومت اور اس کے نمائندے اشرافیہ کی کرپشن اور اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کے بارے میں بے شمار پریس کانفرنسز کرنے کے ساتھ ساتھ ناقابل تردید ثبوت جمع کرنے کے دعوے کر چکے ہیں، مگر 3 سال گزر جانے کے بعد بھی کسی کو سزا نہیں ملی جس کی وجہ سے کرپشن کنگز کو انتقامی کارروائیوں کا پروپیگنڈا کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کرنے والے ملزموں کو سزائیں کیوں نہیں مل رہی اس بارے میں بھی قوم کو حقائق بتائے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پسماندہ اور غریب شہریوں کے لئے حکومت کا راشن پروگرام خوش آئند ہے۔ غربت اور فی کس آمدن کم ہونے کی وجہ سے غریب کا چولھا ٹھنڈا ہو چکا ہے۔ حالیہ 3 سالوں میں کم آمدنی والے خاندانوں کے ساتھ ساتھ سفید پوش اور تنخواہ دار طبقہ بھی پس کر رہ گیا ہے۔ جو بھیک اور ادھار نہیں مانگ سکتے اور لائن میں کھڑے نہیں ہو سکتے۔ وزیراعظم کے پاس ان کے لئے کیا پیکج ہے اس کے بارے میں بھی کچھ بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی اور مصنوعی مہنگائی کو روک کر سفید پوش طبقہ کی مدد کرے۔ یہ نظام کرپشن کا محافظ اور انصاف کا قاتل ہے، جب تک یہ نظام رہے گا نہ اس ملک سے کرپشن ختم ہوگی اور نہ ہی کمزور کو انصاف ملے گا۔ طاقتور اپنی لوٹ مار کی دولت خرچ کر کے گرفت سے بچ جاتے ہیں اور عام آدمی وکلاء کی فیس کے پیسے نہ ہونے کی وجہ سے جیل چلے جاتے ہیں۔
تبصرہ