ہر دور میں سردیوں میں گیس اور گرمیوں میں بجلی نہیں ملتی: میاں ریحان مقبول
گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے چولہے بجھ گئے، صدر سنٹرل پنجاب پی اے ٹی
لاہور (25 نومبر 2021) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ ہر دور حکومت میں سردیوں میں گیس اور گرمیوں میں بجلی غائب ہوجاتی ہے اپوزیشن تنقید اور حکومت صفائیاں دینے میں وقت پورا کرلیتی ہے مگر کسی دور حکومت میں بھی گیس اور بجلی کے بحران کو حل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی غریب آبادی کا کھانے پکانے کا واحد ذریعہ سستا ذریعہ گیس ہے۔ گیس جب غائب ہوتی ہے تو چولہے ٹھنڈے ہوجاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کھانا پکانے کے لیے لکڑیوں، مٹی کا تیل، بجلی اور ایل پی جی بہت مہنگی ہے غریب کھانا پکانے کے لئے اس کے استعمال کی سکت نہیں رکھتا اور اس کے مقابلے میں گیس آج بھی سستی ہے، گیس جب غائب ہوتی ہے تو غریب اور مزدور خاندانوں کے لیے کھانا پکانا ناممکن ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں اسی لیے قائم ہوتی ہیں کہ وہ غریب عوام کی ضروریات کا خیال رکھیں اور ان کے روزہ مرہ کے مسائل حل کریں مگر حکومت موجودہ ہو یا سابقہ عوامی مسائل کا حل ان کی کبھی ترجیح نہیں رہی باتوں اور صرف وعدوں پر ٹرخایا جاتا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ سردیوں میں گیس بلاتعطل فراہم کی جائے اور مٹی کے تیل اور سلنڈر کی قیمتیں کم کی جائیں اور حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ سلنڈر مافیا سردیوں میں عوام کو نہ لوٹے اور سرکاری سطح پر فکس ہونے والی قیمتوں پر سلنڈر کی فروخت یقینی بنائی جائے۔
تبصرہ