فرسٹ ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین کرنل (ر) راجہ جاوید مجتبیٰ کی خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات
لاہور (18 نومبر 2021) فرسٹ ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین کرنل (ر) راجہ جاوید مجتبیٰ نے پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور این اے 133کے ضمنی الیکشن اور ملکی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ کرنل (ر) راجہ جاوید مجتبیٰ نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے قومی شعور اجاگر کیا۔ ہم بھی وسیع تر سیاسی ادارہ جاتی اصلاحات کے حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محب وطن جمہوری قوتوں کو وطن عزیز سے غربت، جہالت کے خاتمے اور سیاسی استحکام کے لئے مل کر جدوجہد کرنی چاہیے۔ اس موقع پر فرسٹ ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیف کوآرڈینیٹر میجر(ر) شہزاد، سید ایاز حسین، سید محمد علی بادشاہ، شیخ عرفان رحیم، پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود اور پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری بھی موجود تھے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا سیاسی پروگرام پوری قوم کے سامنے ہے۔ ہم نے اصلاحات کے لئے جانی قربانیاں دی ہیں۔ آج بھی ہماری جدوجہد اصلاحات کے لئے ہے۔ یہ نظام مسائل کی جڑ ہے۔ جب تک یہ نظام نہیں بدلے گا عام آدمی انصاف، تحفظ سے محروم رہے گا۔
تبصرہ