سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دیا جائے: خرم نواز گنڈاپور
17 جون کے سانحہ کے ماسٹر مائنڈ نواز شریف اور شہباز شریف ہیں
لاہور (10 نومبر 2021) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوم 7 سال سے انصاف کیلئے معزز اعلیٰ عدلیہ کی خصوصی توجہ کے منتظر ہیں۔ عدالتوں کے چکر لگا لگا کر شہدا کے یتیم بچے عاجز آ گئے ہیں، سانحہ کے مظلوموں کی دادرسی کی جائے۔ انصاف کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا اور نہ کوئی معاشرہ باوقار ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوم 7 سال سے تاریخوں کے چکر میں الجھے ہوئے ہیں اور مسلسل 7 سال سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیر جانبدارانہ تفتیش کا حق مانگ رہے ہیں جو تا حال نہیں ملا۔
سانحہ کے انصاف کیلئے چیف جسٹس سپریم کورٹ نے نوٹس لیا تھا اور فوری انصاف کیلئے ہدایات جاری کی تھیں مگر اس بات کو بھی ڈیڑھ سال گزر گیا مگر اسکا فی الحال کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ دار اور ماسٹر مائنڈ شریف برادران ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا منصوبہ اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کی سرپرستی میں بنا اور ان کے چھوٹے بھائی نام نہاد خادم اعلیٰ نے اس قتل عام پر عمل کیا، سارے ثبوت ویڈیوز میں محفوظ ہیں مگر انصاف نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چیف جسٹس سپریم کورٹ اور معزز ججز سے استدعا کرتے ہیں کہ وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے بار دگر ہدایات جاری کریں۔
تبصرہ