عوامی تحریک کا نومبر میں پارٹی ممبر شپ مہم چلانے کا اعلان
فرسودہ نظام کے خلاف عوامی شعور اجاگر کریں گے: قاضی زاہد حسین/ خرم نواز گنڈاپور
سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں صوبائی صدور اور ممبران کونسل نے شرکت کی
لاہور (28 اکتوبر 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ نومبر سے ملک گیر پارٹی ممبر شپ مہم چلائی جائے گی اور عوام میں فرسودہ نظام سے نجات کے لئے شعور اجاگر کیا جائے گا۔ سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں عہدیداروں کو اپنے گھروں پر عوامی تحریک کا پرچم لہرانے کی ہدایت بھی کی گئی۔ اجلاس میں مہنگائی پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ بجلی، پٹرول اور گیس کی قیمتیں کم کی جائیں۔ اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف میں تاخیر پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کراچی سے آن لائن شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ حکومت روپے کی قدر میں استحکام کے لئے اقدامات کرے۔ مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی تکلیف میں ہے۔
سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں اور اس فرسودہ نظام کے خلاف پرنٹ میڈیا، الیکٹرانک میڈیا، علاقائی میڈیا اور سوشل میڈیا پر اپنی آواز بلند کریں۔
سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں بشارت جسپال، راجہ زاہد محمود، قاضی شفیق، میاں ریحان مقبول، میاں نور احمد سہو، نوراللہ صدیقی، راؤ کامران، میاں زاہد الاسلام، سید ظفر اقبال، اعجاز احمد سدوزئی محمد عثمان، نصیر جدون، ابرار رضا ایڈووکیٹ، میاں زاہد اسلام، راؤ عارف رضوی، عارف چودھری، ڈاکٹر سلطان محمود چودھری، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، میاں کاشف نے اظہار خیال کیا اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر غور و خوض کیا گیا۔
تبصرہ