سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر ہی دم لیں گے: خرم نواز گنڈاپور
100سے زائد شہروں سے احتجاجی ریلیاں نکالنے پر کارکنان کو خراج
تحسین پیش کرتا ہوں
کارکنان نے لوٹ کھسوٹ کے نظام کو بدلنے کیلئے بڑی قربانیاں دیں: سیکرٹری جنرل پی اے
ٹی
انتخابی نظام بدلنے کے خلاف جو آواز اٹھائی آج پوری قوم کی آواز بن چکی ہے: رانا
محمد ادریس
شہدائے ماڈل ٹاؤن ہمارا فخر انصاف کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی: حافظ غلام فرید
7سال ہو گئے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا کو انصاف نہیں مل سکا: ڈاکٹر سلطان محمود
چوہدری
پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن لاہور کی کوآرڈینیشن کونسل کے مشترکہ
اجلاس سے خطاب
لاہور (18 جون 2021) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنان عزم اور حوصلے کا پہاڑ ہیں۔ عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے ملک بھر کے عہدیداران و کارکنان کو شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 7 ویں برسی کے موقع پر حصول انصاف کیلئے نکالی گئی تاریخی ملک گیر پر امن احتجاجی ریلیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ جرات مند اور عظیم کارکنان نے لاہور سمیت ملک کے 100 سے زائد شہروں سے بے مثال ریلیاں نکال کر ایک بار پھر یہ پیغام دیا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔
پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے عظیم کارکنان نے لوٹ کھسوٹ کے نظام کو بدلنے کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ کارکنان نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے زخم سہے، کلمہ حق بلند کرنے کی پاداش میں کارکنان نے سزائیں کاٹیں مگر ان عظیم کارکنان کے حوصلے اور جذبے آج بھی بلند ہیں۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کا انصاف اور نظام بدلو کا نعرہ آج ہر زبان پر ہے اس کا سارا کریڈٹ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے جانثار کارکنوں اور ان کی قربانیوں کو جاتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کی کوآرڈینیشن کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس، منہاج القرآن لاہور کے صدر حافظ غلام فرید، پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر ڈاکٹر سلطان محمود چوہدری، ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، صدر یوتھ لیگ حاجی فرخ قادری، صدر ایم ایس ایم علی قریشی، صدر ویمن لیگ نورین علوی، جنرل سیکرٹری پی اے ٹی لاہور شفاقت مغل، ناظم علما کونسل لاہور علامہ خلیل حنفی، ریحان چوہدری، فہنیقہ ندیم موجود تھیں۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے جدوجہد سیاسی نہیں انسانی اور ایمانی معاملہ ہے۔ حصول انصاف کی جدوجہد آخری سانس تک جاری رہے گی۔ 17جون کے پر امن احتجاج میں لاہور سمیت پورے ملک کے غیور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے ایک بار پھر یہ پیغام دیا ہے کہ وہ اس قتل عام اور ظلم کو نہیں بھولے اور نہ بھولیں گے۔ علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کیلئے حصول انصاف اور انتخابی نظام بدلنے کے خلاف جو آواز اٹھائی تھی وہ آج پوری قوم کی آواز بن چکی ہے۔
صدر منہاج القرآن لاہور حافظ غلام فرید نے کہا کہ کامیاب احتجاجی ریلی کے انعقاد پر کارکنان اور اہلیان لاہور کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ پرامن اور معصوم شہریوں کے قاتل اپنے عبرت ناک انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن ہمارا فخر ہیں، انصاف کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔ صدر پاکستان عوامی تحریک لاہور ڈاکٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ 7 سال ہو گئے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا کو انصاف نہیں ملا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مکمل انصاف اور ماسٹر مائنڈ کے عبرت ناک انجام کے منتظر ہیں۔
تبصرہ