ایٹمی صلاحیت کا حصول قومی کامیابی ہے: خرم نواز گنڈاپور
ایٹمی ملک بجلی، خوراک کے بحران کا شکار ہے: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
90ء کے بعد کرپٹ حکومتوں نے ٹیکنالوجی کی طرف توجہ نہیں دی
لاہور (28 مئی 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ایٹمی صلاحیت ایک ایسی کامیابی ہے جس کا سہرا کسی ایک فرد، جماعت یا شخصیت کے سر نہیں، قومی سلامتی کے تحفظ کے اس کامیاب پروگرام کی مبارکباد ہر اس شخص کے لئے ہے جس نے اس پروگرام کو شروع کرنے، اس کی حفاظت کرنے، اس کے لئے وسائل جمع کرنے کیلئے اپنا حصہ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی صلاحیت کے اس پروگرام پر سیاسی سکورنگ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ایٹمی صلاحیت کے حصول کے بعد اس کے ثمرات ایٹمی بجلی پیدا کرنے اور ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کی صورت میں ظاہر ہونے چاہئیں تھے مگر 90ء کی دہائی کے بعد آنے والے کرپٹ اور ذہنی معذور حکمرانوں نے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی۔ اس عدم توجہی اور مجرمانہ غفلت کے باعث ایٹمی ملک پاکستان نا صرف بجلی گیس کے بحران کا شکار ہے بلکہ زرعی ملک ہونے کے باوجود خوراک اور پانی کی کمی کا بھی شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کے باوجود ہم ٹیکنالوجی میں بہت پیچھے رہ گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایٹمی صلاحیت کے حصول کے بعد ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اس ضمن میں سائنس دانوں کو تحقیق کے لئے وافر فنڈز مہیا کئے جائیں تاکہ ہم سائنس، زراعت، صنعت و حرفت میں مغربی دنیا کے مقابلہ کے قابل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی کے فروغ کی صدی ہے۔ ہر روز ایجادات ہورہی ہیں اور وہی ملک دنیا پر حکمران ہیں جن کے پاس جدید ٹیکنالوجی ہے۔
تبصرہ