جسٹس باقر نجفی کمیشن کی نامکمل رپورٹ کی فراہمی کے کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت سے تحریری مؤقف طلب کیا ہے: نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ
لاہور (27 مئی 2021ء) سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے لیگل ترجمان نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے جسٹس باقر نجفی کمیشن کی نامکمل رپورٹ کی فراہمی کے کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت سے تحریری مؤقف طلب کیا ہے۔ نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیق کے لئے جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا جس کی تفتیش جسٹس باقر نجفی نے کی۔ طویل قانونی جدوجہد کے بعد لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ تو مل گئی مگر رپورٹ سے ملحقہ دستاویزات فراہم نہیں کی گئیں جس پر شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء نے مکمل دستاویزات کی فراہمی کے لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کررکھا ہے۔ گزشتہ روز اس کیس پر سماعت ہوئی پنجاب حکومت نے دستاویزات کی فراہمی کے ضمن میں اپنا تحریری موقف جمع کروانا تھا جو نہیں ہو سکا۔ لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کو مؤقف جمع کروانے کے لئے مزید 15روز کی تاریخ دی ہے۔ نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ اس وقت کی پنجاب حکومت نے جسٹس باقر نجفی کمیشن کی نامکمل رپورٹ دی تھی کمیشن کی رپورٹ کے ساتھ ملحق دستاویزات نہیں دی گئیں۔ جنہیں لینے کے لئے ہم نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔
تبصرہ