قاتل اور کرپٹ ن لیگ کو بین کیا جائے: عوامی تحریک
نواز شریف،شہباز شریف نے اقتدار کو لوٹ مار کا ذریعہ بنایا: میاں
ریحان مقبول
جس جماعت کی قیادت کرپشن میں سزا یافتہ ہو اسے سیاست کا کوئی حق نہیں
ناہنجار بیٹے زمینوں پر قبضے کیلئے ماں کا نام بھی استعمال کرنے سے باز نہ آئے
لاہور (16 اپریل 2021ء) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے جنرل سیکرٹری میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ شریف خاندان کا کوئی معاملہ بدعنوانی سے پاک نہیں ہے۔ کاروبار سے لے کر سیاست اور گھروں کی تعمیر تک ہر جگہ لاقانونیت ہے۔ قاتل اور کرپٹ ن لیگ کو بین کیا جائے، نواز شریف، شہباز شریف نے اقتدار کو لوٹ مار کا ذریعہ بنایا، جس جماعت کی قیادت کرپشن میں سزا یافتہ ہو اسے سیاست کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ ن لیگ کو بھی بین کیا جائے۔ ناہنجار بیٹے زمینوں پر قبضے کیلئے ماں کا نام استعمال کرنے سے بھی باز نہیں آئے۔جو بدبخت ماں جیسے مقدس رشتے کے ساتھ مخلص نہ ہوں وہ ملک اور قوم کے ساتھ مخلص کیسے ہو سکتے ہیں؟ شریف خاندان سر سے پاؤں تک لوٹ مار اور کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے، غبن، بدعنوانی، منی لانڈرنگ، رشوت ستانی اور ہیراپھیری ان کی شناخت ہے۔ ن لیگ کی مرکزی لیڈر شپ کرپشن کیسز میں سزا یافتہ اور ان کے ہاتھ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خون سے رنگے ہوئے ہیں لہٰذا ن لیگ کو بین کرنے کے لئے کابینہ سمری منطور کرے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جب تک قانون، میڈیا اور سول سوسائٹی ایک پیج پر نہیں آئیں گے اس وقت تک اس ملک سے کرپشن ختم نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے اقتدار کی طاقت سے غریب لوگوں کی زمینوں اور جائیدادوں پر قبضے کئے، اس ملک کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ اقتدار کی طاقت سے جاتی امرا کی زمینیں غریب لوگوں سے چھینی گئیں، پہلی بار معلوم ہوا اوقاف کی سینکڑوں کنال اراضی پر بھی قبضہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان جب تک اس ملک کا کامیاب کاروباری خاندان تھا اس وقت ان کے پاس دولت کی یہ ریل پیل نہیں تھی جو آج نظر آرہی ہے، سیاست میں آنے کے بعد ان کی دولت میں دن دگنی، رات چوگنی ترقی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ احتساب کو انتقام کی سیاست کا داغ نہ لگنے دے اورجس جس نے بھی اس ملک کو لوٹا ہے اُسے نشان عبرت بنایا جائے۔ نواز شریف اور شہباز شریف کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں ٹرائل کیا جائے۔
تبصرہ