تاریخ میں کوئی سیاستدان نواز شریف کی طرح رسوا نہیں ہوا: میاں ریحان مقبول
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کی آہیں شریف خاندان کو لے ڈوبیں
پاکستان کو نقصان پہنچانے والا ہر کردار نشان عبرت بنا
مظلوموں کا ساتھ نہ دینے والے بھی نشان عبرت بنیں گے: جنرل سیکرٹری
لاہور (25 مارچ 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں کوئی سیاستدان نواز شریف کی طرح رسوا نہیں ہوا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کی آہیں شریف خاندان کو لے ڈوبیں۔ پاکستان کو نقصان پہنچانے اور عوام کو لوٹنے والا ہر کردار نشان عبرت بنا۔ 3بار وزیراعظم بننے والے نواز شریف کو میڈیا میں مفرور، مجرم کہہ کر مخاطب کیا جاتا ہے، اس سے بڑی تذلیل اور کوئی نہیں ہے۔ نواز شریف اور اس کے خاندان نے قومی دولت کو بے دردی سے لوٹا اور قومی مفاد کا سودا کیا۔ آج بے پناہ دولت بھی انہیں عزت نہیں دلوا سکی اور یہ خاندان جیلوں میں جانے سے بچتا اور منہ چھپاتا پھررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن ملکی تاریخ کاایک ایسا ظلم ہے جس کی دوسری کوئی مثال موجود نہیں ہے۔ بے گناہوں کو قتل کرنے کے لئے اشرافیہ کی طرف سے ہدایات دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ نوا ز شریف نے ڈاکٹر طاہرالقادری پر پاکستان کی زمین تنگ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا اللہ نے پاکستان کی زمین ان پر تنگ کر دی۔ نواز شریف جب بھی پاکستان آیا ایک قیدی اور مجرم کی حیثیت سے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ مظلوموں کا ساتھ نہ دینے والے بھی نشان عبرت بنیں گے۔
تبصرہ