23 مارچ، عوامی تحریک کی کراچی میں نظام بدلو ریلی، لاہور میں سیمینار
خوشحالی کیلئے نظام بدلنا ہوگا، قاضی زاہد حسین، خرم نواز گنڈاپور، راؤ کامران کا خطاب
لاہور میں سیمینار سے میاں ریحان مقبول، عارف چوہدری، میاں عبدالقادر و دیگر کا خطاب
لاہور (23 مارچ 2021ء) 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان عوامی تحریک نے لاہور میں نظام بدلو سیمینار اور کراچی میں بیداری شعور مہم کے تحت نظام بدلو موٹر سائیکل ریلی نکالی۔ ریلی کی قیادت مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک قاضی زاہد حسین اور سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کی۔ کراچی میں سہراب گوٹھ سے مزار قائد تک موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی۔ مرکزی صدر قاضی زاہد حسین اور خرم نواز گنڈاپور موٹر سائیکل پر سوار رہے۔
عوامی تحریک کے مرکزی قائدین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 40 سال سے یہ نظام عوام پر مسلط ہے اور حالات بہتر ہونے کی بجائے دن بدن خراب ہو رہے ہیں۔ آج کرپشن، غربت، جہالت، نا انصافی، انتشار اورعدم استحکام پہلے سے زیادہ ہے۔ جتنی جلد ممکن ہو سکے اس ظالم نظام سے نجات حاصل کر لی جائے۔ قاضی زاہد حسین نے کہا کہ 2014 کے دھرنے میں اس نظام کا اصل چہرہ قوم کے سامنے رکھ دیا تھا۔ اس موقع پر راؤ کامران، مشتاق صدیقی، صاحبزادہ ثاقب نوشاہی، اطہر جاوید صدیقی، راؤ محمد طیب، عطا الرحمان ہاشمی، نوید عالم، الیاس مغل، ساجدہ جبین، عدنان روف انقلابی، بشیر خان مروت، سید مزرق حسین شاہ، عالم بادشاہ ایڈووکیٹ نے خطاب کیا۔
دریں اثناء لاہور میں منعقدہ نظام بدلو سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ خوشحال پاکستان کیلئے ظلم پر مبنی نظام بدلنا ہو گا۔ میاں ریحان مقبول نے کہاکہ عوامی تحریک قائد اعظم اور تحریک پاکستان کے مقاصد کے حصول کیلئے سیاسی جدوجہد کر رہی ہے اس جدوجہد کے دوران سانحہ ماڈل ٹاؤن کی صورت میں جانی و مالی قربانیاں دی گئی ہیں، بدقسمتی سے ایوانوں میں ایسی سیاسی جماعتیں گھسی رہیں جن کا ایجنڈہ تعمیر پاکستان نہیں بلکہ اپنا اور اپنے خاندان کے افراد کا پیٹ بھرنا تھا اور پاکستان کی دولت کو لوٹ کر بیرون ملک محلات تعمیر کئے گئے۔ عوامی تحریک اپنے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے نظریات کی روشنی میں اس ظالم نظام سے عوام کی جان چھڑائے گی۔ سیمینار سے عارف چوہدری، میاں عبد القادر، چوہدری آصف گجر، پروفیسر اختر ملک، بدیع الزماں بھٹی، عبدالکریم کمیانہ، میاں رضا، رانا طاہر سلیم، میاں آصف، میاں اقبال ساجد، آصف چوہدری، میاں امجد، گلریز محمود اختر وڑائچ، محمد شریف نے خطاب کیا۔ سیمینار کے اختتام پر ملکی سلامتی اور کورونا وائرس سے نجات کیلئے دعا کی گئی۔
تبصرہ